کھیل
Time 21 فروری ، 2018

پی ایس ایل تھری کے آغاز سے قبل ہی لاہور قلندرز کو بڑا دھچکا

زخمی کرس لین کو گراؤنڈ سے باہر لے جایا جارہا ہے — فوٹو بشکریہ کرک انفو

آکلینڈ: پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے آغاز سے قبل ہی لاہور قلندرز کو بڑا دھچکا لگا ہے۔

لاہور قلندرز کے بیٹسمین کرس لین کندھے کی انجری کا شکار ہوگئے جس کے بعد وہ پی ایس ایل تھری سے بھی باہر ہوگئے۔

آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے کرس لین نیوزی لینڈ کے خلاف سہہ فریقی سیریز کے آج کھیلے جانے والے فائنل میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے دائیں کندھے کی انجری کا شکار ہوئے جس کے بعد انہیں آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔

کرس لین اس سے قبل بائیں کندھے کی انجری کا شکار ہوئے تھے اور حال ہی میں انہوں نے سرجری بھی کرائی تھی۔

آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کی جانب سے کرس لین کو فوری طور پر آکلینڈ سے برسبین پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ پی ایس ایل میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔ 

دوسری جانب لاہور قلندرز کی منیجر ثمین رانا کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل تھری میں کرس لین کو دیکھنا چاہتے تھے لیکن بدقسمتی سے وہ زخمی ہوگئے اور ان کی انجری مایوس کن خبر ہے۔ 

خیال رہے کہ 22 فروری سے شروع ہونے والے پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں لاہور قلندرز کی ٹیم اپنا پہلا میچ 23 فروری کو ملتان سلطانز کے خلاف کھیلے گی۔

مزید خبریں :