پاکستان
Time 21 فروری ، 2018

میر شکیل الرحمان، میر جاوید اور احمد نورانی کے خلاف توہین عدالت کے شوکاز نوٹسز خارج

سپریم کورٹ آف پاکستان نے میر شکیل الرحمان، میر جاوید رحمان اور دی نیوز کے سینیئر رپورٹر احمد نورانی کے خلاف توہین عدالت کے دونوں شو کاز نوٹسز خارج کر دیے۔

سپریم کورٹ کے سینیئر ترین جج جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس دوست محمد خان اور جسٹس منصور علی شاہ پر مشتمل تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔

میر شکیل الرحمان، میر جاوید رحمان اور احمد نورانی کی طرف سے احمد اینڈ قاضی لاء فرم کے وکلاء جام آصف ایڈووکیٹ ، بہزاد حیدر ایڈووکیٹ اور صائم ہاشمی ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔

جوابات احمد اینڈ قاضی لاء فرم کے مینیجنگ پارٹنر اور معروف قانون دان ندیم احمد کی سربراہی میں وکلاء ٹیم نے تیار کیے۔

سپریم کورٹ نے شو کاز نوٹس کے جواب میں داخل جوابات کا جائزہ لینے کے بعد مختصر حکم لکھوایا۔

حکم میں کہا گیا کہ عدالت نے توہین عدالت کے شو کاز نوٹس کے جواب میں داخل کیے گئے جوابات کا جائزہ لیا جس کے بعد عدالت نہیں سمجھتی کہ توہین عدالت کی کارروائی مزید آگے بڑھائی جائے لہذا توہین عدالت کے جاری کیے گئے دونوں شوکاز نوٹس خارج کیے جاتے ہیں۔

خیال رہے کہ عدالت نے 10 جولائی 2017 اور 24 جنوری 2018 کو شو کاز نوٹسز جاری کیے تھے جنہیں اب خارج کردیا گیا ہے۔

مزید خبریں :