علی ظفر نے 'طیفہ' کا راز فاش کردیا

فلم’طیفہ ان ٹربل‘ میں علی ظفر اور مایا علی اہم کردار میں نظر آئیں گے—.اسکرین گریب 

مشہور پاکستانی گلوکار و اداکار علی ظفر نے بلآخر فلم ’طیفہ اِن ٹربل‘ کا ٹیزر جاری کرکے اس سوال کا جواب دے دیا ہے کہ’ طیفہ کون ہے‘؟

علی ظفر ان دنوں اپنی پہلی پاکستانی فلم’طیفہ ان ٹربل‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں جس میں ان کے ساتھ اداکارہ مایا علی مرکزی کردار نبھا رہی ہیں۔

یہ فلم علی ظفر اور مایا علی سمیت فلم کے ہدایت کار احسن رحیم کی بھی ڈیبیو فلم ہوگی۔

علی ظفر نے بڑے ہی دلچسپ انداز میں اپنی آنے والی فلم کی تشہیر کا آغاز کیا تھا جس کے باعث سب لوگ تجسس میں مبتلا ہوگئے اور مداحوں سمیت کرکٹرز بھی پوچھتے نظر آئے کہ آخر طیفہ کون ہے؟

اور اب علی ظفر نے ’طیفہ اِن ٹربل‘ کا ٹیزر انسٹاگرام پر ریلیز کرکے بالآخر 'طیفے' کا راز فاش کردیا ہے۔

ٹیزر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فلم کی کاسٹ میں معروف اداکار جاوید شیخ بھی شامل ہیں، جو آغاز میں ہی طیفے سے متعلق سوال کرتے نظر آئے۔


’طیفہ‘ فلم کے مرکزی کردار کا نام ہے جو سب کو مشکل میں ڈالتا نظر آرہا ہے، یہ کردار علی ظفر نے نبھایا ہے۔

طیفے کا ایک مخصوص انداز ہے، جو ٹیزر میں کسی ایکشن ہیرو کی طرح نظر آرہا ہے۔

علاوہ ازیں طیفہ خوبرو اداکارہ مایا علی کی محبت میں بھی گرفتار نظر آیا۔

ایک منظر میں یہ بھی دیکھا گیا کہ طیفہ اپنی ہیروئن کو بچا کر دیدہ دلیری سے بھاگ بھی رہا ہے، اگر ٹیزر دیکھ کر کہا جائے کہ طیفے کو پکڑنا مشکل ہی نہیں ناممکن بھی لگ رہا ہے تو غلط نہیں ہوگا۔

فلم کے ٹیزر سے یہ اندازہ ہو رہا ہے کہ یہ ایکشن، تھرل اور رومانس سے بھرپور ہے۔

فلم ’طیفہ اِن ٹربل‘رواں برس 20 جولائی کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

مزید خبریں :