پاکستان
Time 23 فروری ، 2018

آج نیب کے گواہ کہہ رہے ہیں کیلبری فونٹ 2005 میں دستیاب تھا، نوازشریف


اسلام آباد: سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کا کہنا ہےکہ نیب کے  گواہ نے خود کہا ہے کہ 2005 میں کیلبری فونٹ موجود تھا جس سے ہمارے مؤقف کی تائید ہوئی ہے۔

اسلام آباد میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ مجھے آپ پارٹی کی صدارت سے نکال رہے ہیں تیسرا فیصلہ بھی آرہا ہے جس میں مجھے الیکشن لڑنے سے بھی نااہل کریں گے اور مجھے پتا ہے کہ یہ مجھے الیکشن لڑنے سے بھی محروم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کالے حروف والے بہت فیصلے ہیں، نہیں سمجھتا کہ ایسا کوئی فیصلہ ہے کہ سنہری حروف سے لکھا جائے، پارٹی صدر کو نکالنا پری پول دھاندلی ہے، (ن) لیگ کو سینیٹ الیکشن سے محروم کیا جارہا ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گاڈ فادر ، سیسلین مافیا، چور ڈاکو کہا گیا، پھر دوسرے دن کہاجاتا ہے سیاسی لیڈروں کا احترام ہے۔

میاں نوازشریف نے مزید کہا کہ آج بھی کہا اور کل بھی کہا تھا کہ کلیبری فونٹ 2005 میں دستیاب تھا، گواہ نے آج کہا کہ وہ آئی ٹی ایکسپرٹ نہیں، گواہ نے خود کہا ہے کہ 2005 میں کیلبری فونٹ موجود تھا، ہمارے مؤقف کی تائید ہوئی ہے جب کہ جے آئی ٹی کے سوالوں کا جواب آہستہ آہستہ مل رہا ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب کچھ نہیں ملا تو ضمنی ریفرنسز لائے جارہے ہیں لیکن لوگوں کی سمجھ آرہی ہے کہ اس کیس میں کچھ نہیں۔

مزید خبریں :