کھیل
Time 24 فروری ، 2018

کپل شرما کو پشاور زلمی کو سپورٹ کرنے پر شدید تنقید کا سامنا

پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی اور کپتان ڈیرن سیمی، کپل شرما کو ٹیم کی شرٹ پیش کرتے ہوئے—۔فائل فوٹو/ بشکریہ ٹوئٹر

مشہور بھارتی کامیڈین کپل شرما کو پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن میں ٹیم پشاور زلمی کو سپورٹ کرنے اور ٹیم کے لیے کامیڈی شو کرنے پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔

کپل شرما کرکٹ میں خاص دلچسپی رکھتے ہیں اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے میچز میں بھی خوب جوش و جذبے سے شرکت کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ جب انہیں پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے مدعو کیا تو وہ دبئی دوڑے چلے آئے اور ایک شو میں زلمی کے کھلاڑیوں کو اپنے چٹکلوں سے خوب محظوظ کیا۔



کپل شرما کو ٹیم پشاور زلمی کی حوصلہ افزائی کرنے پر جہاں پاکستانی مداحوں سے داد مل رہی ہے وہیں بھارتی ہندو انتہا پسندوں نے ان کی حب الوطنی پر سوال اٹھا دیا ہے۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا کو بھی کپل شرما کی دبئی میں پی ایس ایل 3 میں شرکت کھٹک رہی ہے اور کپل شرما کے اس اقدام پر شدید مذمت کی جارہی ہے۔


کچھ لوگوں نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کپل شرما کو بھارت سے کوئی محبت نہیں وہ صرف پیسے کے لیے کام کر رہے ہیں جب کہ کچھ کا کہنا ہےکہ یہ انتہائی شرمناک بات ہے کہ کپل شرما پاکستان سپر لیگ کو سپورٹ کر رہے ہیں۔

دوسری جانب کچھ مداحوں نے کپل شرما کی حمایت کرتے ہوئے بحث کی کہ منافقت اتنی بڑھ چکی ہے کہ لوگوں کا ان کے دائیں بائیں کچھ نظر نہیں آرہا، حال ہی میں آئس کرکٹ میں جب سہواگ نے آفریدی کے ساتھ کھیلا، تب یہ سوال ان سے کیوں نہیں کیا گیا؟


واضح رہے کہ پی ایس ایل 3 کی افتتاحی تقریب میں مشہور بھارتی اداکار انیل کپور کے بھائی سنجے کپور نے بھی شرکت کی تھی، جو ٹیم پشاور زلمی کو سپورٹ کر رہے ہیں۔

یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب بھارت کی سب سے بڑی فلم ایسوسی ایشن فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سائن ایمپلائز نے پاکستانی اداکاروں اور ٹیکنیشنز کے بھارت میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔

مزید خبریں :