پاکستان
Time 24 فروری ، 2018

ملک کے سیاسی استحکام پر سرجیکل اسٹرائیک کی جارہی ہے، احسن اقبال


لاہور: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہےکہ ملک کے سیاسی استحکام پر بھی سرجیکل اسٹرائیک کی جارہی ہے جس کی کوئی گنجائش نہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ ایف اے ٹی اے کا باقاعدہ فیصلہ جون میں آئے گا، ہمیں دباؤ میں لانے کے لیے ہمارے خلاف قرارداد پیش کی گئی، پاکستان نے منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانس کے حوالے سے بہتر اقدامات کیے۔

’افغانستان کے حوالے سے پاکستان کو امریکا کی طرف سے سیاسی دباؤ کا سامنا ہے‘

احسن اقبال نے کہا کہ افغانستان کے حوالے سے پاکستان کو امریکا کی طرف سے سیاسی دباؤ کا سامنا ہے، پاکستان اور امریکا کا تعاون افغانستان میں امن کا ذریعہ بن سکتا ہے، دونوں ممالک میں بد اعتمادی کے فروغ سے دونوں کا نقصان ہوگا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دہشت گردی کے خلاف اقدامات امریکا کو خوش کرنے کے لیے نہیں بلکہ قومی مفاد کے لیے ہیں، پاکستان وہ ملک ہے جس نے دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ کامیابیاں حاصل کیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی محرومیوں کی اصل وجہ سیاسی عدم استحکام ہے، بدقسمتی سے پاکستان میں پالیسیوں کا تسلسل برقرار نہیں رکھا جا سکا، آج بدقسمتی سے کچھ عناصر نوجوان نسل میں مایوسی پھیلا رہے ہیں۔

پارلیمنٹ یہ فیصلہ کرتی ہے کہ سپریم کورٹ کے اندر کتنے جج ہوں گے، وزیر داخلہ

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ملک کا سب سے اہم ادارہ پارلیمنٹ ہے، اس کے بطن سے آئین پیدا ہوتا ہے، پارلیمنٹ یہ فیصلہ کرتی ہے کہ سپریم کورٹ کے اندر کتنے جج ہوں گے اور ان کی اہلیت کیا ہوگی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو شدید ترین سازشوں کا سامنا ہے، ہمارے دشمن انتشار پیھلانے کے لیے اضافی وقت کے ساتھ کام کررہے ہیں، اس لیے ملک میں کوئی ادارہ یا فرد اسے انتشار کی طرف لے کر جائے گا تو وہ ملک دوستی نہیں ہوگی، ہمیں اس وقت یکجہتی کی ضروری ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہمارا ہمسایہ ملک سرجیکل اسٹرائیک کی دھمکیاں دے رہاہے، ہم ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، ملک کے سیاسی استحکام پر بھی سرجیکل اسٹرائیک کی جارہی ہے جس کی کوئی گنجائش نہیں، ایک طرف دشمن اسٹرائیک کی دھمکیاں دے رہاہے اور ایک طرف استحکام پر ہم خود اسٹرائیک کریں تو ہم اپنے دشمن خود کیوں ہورہے ہیں۔

(ن) لیگ کیخلاف اقدامات پر ’تھینک یو سپریم کورٹ‘ کہتا ہوں، احسن اقبال

احسن اقبال نے مزید کہا کہ اس وقت کے اقدامات سے تاثر ابھر رہا ہےکہ سیاست میں ٹارگٹ کلنگ کا عمل شروع ہوگیا ہے، ملک کی سیاست بہت آگے نکل چکی ہے، پاکستان کی سیاست اب پرائمری کی طالب علم نہیں، شہری ہر عمل کا تجزیہ کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے خلاف جتنے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اس میں ہماری سیاسی ساکھ میں کمی نہیں ہورہی ہے بلکہ ہماری ہمدردی میں اضافہ ہورہا ہے اس کے لیے تھینک یو سپریم کورٹ کہتا ہوں۔

مزید خبریں :