پاکستان
Time 24 فروری ، 2018

کراچی میں پاک بحریہ کی آپریشنل مشق رباط 2018 کا آغاز

 وائس چیف آف دی نیول اسٹاف، وائس ایڈمرل کلیم شوکت مشق کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے—۔فوٹو/ بشکریہ پاک بحریہ

کراچی میں پاک بحریہ کی آپریشنل مشق رباط 2018 کا آغاز ہوگیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق رباط 18 کے دوران کثیر الجہتی خطرات سے نمٹنے کے لیے بحری جنگی حکمت عملی اور پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے مشترکہ آپریشنز کی مشقیں بھی شامل ہیں۔

مشق کے افتتاحی سیشن میں وائس چیف آف دی نیول اسٹاف، وائس ایڈمرل کلیم شوکت مہمان خصوصی تھے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق اس موقع پر وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ جنگی مشقیں جدید جنگی حکمت عملی کے مطابق دفاع وطن کی تربیت کے لیے انتہائی ضروری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بحری مشق رباط 2018، سی پیک سمیت کوسٹل اور کریکس ایریاز کے دفاع کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

ترجمان کے مطابق وائس ایڈمرل کلیم شوکت آپریشنل مشقوں کے انعقاد، پیشہ ورانہ تربیت اور ایمانی جذبے سے دشمن کو عددی برتری کے باوجود شکست دی جا سکتی ہے۔

 اس مشق میں فلیٹ کمانڈ کی مختلف یونٹس سمیت پاک بحریہ کی کوسٹل اور لاجسٹکس کمانڈ کے یونٹس بھی حصہ لے رہے ہیں۔

مشق کے دوران بحری اور فضائی بیڑوں کے درمیان تعاون بڑھانے اور جنگی حکمت عملیوں کو بہتر بنانے پر خصوصی زور دیا جائے گا۔ 

یہ مشق 6 مارچ 2018 تک شمالی بحیرہ عرب میں جاری رہے گی اور اس کا اختتام پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے جنگی بیڑوں کی جانب سے فائر پاور کے مظاہرے پر ہوگا۔

مزید خبریں :