دنیا
Time 24 فروری ، 2018

افغانستان میں طالبان کے حملوں میں 22 اہلکار ہلاک

افغانستان کے مختلف علاقوں میں طالبان کے حملوں میں کم از کم 22 فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان صوبے فرح میں طالبان نے ایک فوجی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا۔

فوجی ترجمان کے مطابق فوجی چیک پوسٹ پر حملے میں 18 اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوئے جب کہ فرح کی صوبائی کونسل کے ایک رکن نے بتایا کہ حملے میں 20 سے زائد فوجی ہلاک ہو ئے۔

حکام نے مزید بتایا کہ حملے میں طالبان نے امریکا کی جانب سے فراہم کی گئی ایک فوجی گاڑی قبضے میں لی اور ایک فوجی ٹرک کو جلا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبان اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ 2 گھنٹے سے زائد جاری رہی۔

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے جاری پیغام میں بتایا گیا کہ حملے میں 25 فوجی ہلاک ہوئے اور 2 کو یرغمال بنا لیا گیا ہے جبکہ ایک ہموی گاڑی اور فوجی ٹرک بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔

ذبیح اللہ مجاہد نے بتایا کہ حملے کے نتیجے میں بڑی مقدار میں ہلکا و بھاری اسلحہ بھی قبضے میں لے لیا گیا۔

اس کے علاوہ طالبان نے افغانستا ن کے صوبے ہلمند میں بھی دو خود کش حملے کیے جس کے نتیجے میں 2 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

مزید خبریں :