پاکستان
Time 25 فروری ، 2018

علاج مکمل ہونے کے بعد پاکستان ضرور آؤں گا، اسحاق ڈار

لندن: سابق وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ علاج مکمل ہونے کے بعد وہ پاکستان واپس آئیں گے۔

لندن میں کینسر کے علاج کے لیے موجود سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی عیادت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ ’’پاکستان میرا ملک ہے، میں ضرور وطن واپس جاؤں گا‘‘۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ اس وقت لندن میں ان کا علاج چل رہا ہے اور جیسے ہی ڈاکٹرز انہیں سفر کی اجازت دیں گے وہ پاکستان واپس آجائیں گے۔

خیال رہے کہ نواز شریف کے معتمد خاص اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر آمدنی سے زائد اثاثے رکھنے کا الزام ہے اور سپریم کورٹ کی جانب سے 28 جولائی کو سنائے جانے والے پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں قومی احتساب بیورو نے اسحاق ڈار کے خلاف ایک ریفرنس بھی دائر کررکھا ہے۔

23 فروری کو اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس کی سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا تھا کہ نیب اسحاق ڈار کے خلاف ضمنی ریفرنسز بھی دائر کرے گا۔

قبل ازیں احتساب عدالت میں اسحاق ڈار کی اہلیہ اور بیٹے علی ڈار کی جائیدادوں کے دستاویز بھی عدالت میں پیش کیے گئے تھے جبکہ استغاثہ کے گواہ انعام الحق نے بھی عدالت کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کرایا تھا۔

واضح رہے کہ 12 فروری کو صوبائی الیکشن کمیشن نے انتخابی اخراجات کا مصدقہ ڈکلیریشن نہ دینے پر اسحاق ڈار کے سینیٹ الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے تھے۔

تاہم لاہور ہائیکورٹ کے اپیلیٹ ٹریبونل نے اسحاق ڈار کو سینیٹ الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی تھی۔

مزید خبریں :