پاکستان
Time 25 فروری ، 2018

عوام کو نہ کپڑے ملے نہ مکان،بس زرداری کی جائیدادیں بن گئیں، پرویز خٹک

— فوٹو:فائل

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ عوام کو نہ کپڑے ملے نہ مکان بس زرداری کی جائیدادیں بن گئیں ہیں۔

گزشتہ روز پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے سکھر میں اسپتال کی افتتاحی تقریب میں خیبر پختونخوا کی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ کے پی کے حکومت نے پہلے 30 ارب اور اب 27کروڑ روپے حقانی مدرسے کو دیئے ہیں۔

بلاول نے یہ بھی کہا تھا کہ کے پی حکومت کہتی ہے کہ عمران خان مدرسوں کو قومی دھارے میں لارہے ہیں لیکن یہ مدرسے کو اسٹریم لائن نہیں کررہے بلکہ طالبانائزیشن کررہے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ کے پی کے میں صوبائی حکومت نے کوئی کالج، اسپتال نہیں بنایا اور اتنی بڑی رقم ایک مدرسے کو دے دی گئی ہے۔

بلاول بھٹوں کی تنقید کا جواب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے نوشہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔

پرویز خٹک نے کہا کہ پیپلز پارٹی روٹی، کپڑا اور مکان کےنام پر برسر اقتدار آئی لیکن روٹی، کپڑا اور مکان کے نام پر زرداری صاحب نے جائیدادیں بنالیں۔

مسلم لیگ (ن) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ نے خوب لوٹ مار کی جس سے کارخانے اور جائیدادیں بنائیں لیکن جب پکڑے گئے تو کہتے ہیں ’مجھے کیوں نکالا‘؟

پرویز خٹک نے کہا کہ حکمرانوں کا احتساب ابھی عدالت کررہی ہے لیکن الیکشن میں عوام احتساب کریں گے۔

پرویز خٹک نے عوامی نیشنل پارٹی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اے این پی نے اپنے دور میں صوبے کو دہشت گردی کا تحفہ دیا لیکن ہم نے اداروں کے ساتھ مل کر صوبے میں بڑی حد تک امن قائم کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پختونوں کے نام پر آنے والی حکومت نے رشوت کا بازار گرم کیا اور صحت، تعلیم اور پولیس کے نظام کو تباہ کردیا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ ملک میں ہر جماعت کی حکومت آئی لیکن عمران خان 2018 میں پاکستان کے وزیراعظم ہوں گے اور نواز شریف دیکھتے رہیں گے۔

مزید خبریں :