ایگزیکٹ اسکینڈل: ملزم شعیب شیخ کی درخواست ضمانت مسترد


کراچی: سیشن عدالت نے ایگزیکٹ اسکینڈل میں منی لانڈرنگ کیس کے ملزم شعیب شیخ کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔

سندھ ہائیکورٹ نے 26 فروری کو ایگزیکٹ اسکینڈل میں منی لانڈرنگ کیس کے ملزم شعیب شیخ کی بریت کے خلاف ایف آئی اے کی اپیل منظور کی تھی اور ملزم کی حفاظتی ضمانت بھی مسترد کردی تھی۔

عدالت کی جانب سے حفاظتی ضمانت مسترد کیے جانے کے بعد ایف آئی اے نے شعیب شیخ کو گرفتار کیا تھا جس کے اگلے روز سیشن عدالت نے ملزم کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

ملزم شعیب شیخ نے سیشن عدالت میں درخواستِ ضمانت دائر کی تھی جسے عدالت نے یکم مارچ کو سماعت کے لیے مقرر کیا تھا۔

جیونیوز کےمطابق کراچی کی سیشن عدالت نے ایگزیکٹ کے سی ای او شعیب شیخ کے خلاف 17 کروڑ کی منی لانڈرنگ کے کیس کی سماعت کی اور عدالت نے صبح فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

سیشن عدالت نے سہ پہر کو فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔

ایگزیکٹ اسکینڈل

واضح رہے کہ دنیا بھر میں جعلی ڈگری کا کاروبار کرنے والی کمپنی ایگزیکٹ کا انکشاف 18 مئی 2015 کو امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے کیا۔

ایگزکٹ کا جعلی ڈگریوں کا اسکینڈل دنیا بھر میں پاکستان کے لیے بدنامی کا باعث بنا کیونکہ ایگزیکٹ جعلی ڈگریوں، پیسے چھاپنے اور لوگوں کو بلیک میل کرنے کا کاروبار دنیا بھر میں پھیلا چکی تھی۔

چیف جسٹس پاکستان نے بھی ایگزیکٹ کے بدنام زمانہ جعلی ڈگری اسکینڈل کااز خود نوٹس لے رکھا ہے۔

مزید خبریں :