چینی خاتون کی حقیقی عمر نے سب کو دنگ کردیا

یانگ دان میں کوئی تبدیلی نہیں آئی—۔فوٹو/ بشکریہ ڈیلی میل

خواتین کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ اپنی عمر چھپانے اور عمر سے کم دکھائی دینے کی کوششوں میں مصروف رہتی ہیں، ایسے میں اگر کسی خاتون کی عمر 40 برس سے زائد ہو، لیکن وہ دِکھنے میں 20 برس کی لگیں تو آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ وہ اپنے آپ کو کس قدر خوش قسمت سمجھتی ہوں گی۔

جی ہاں یہ خوش قسمت خاتون چین سے تعلق رکھنے والی یانگ دان ہیں جو گذشتہ 22 برس سے موسم کی خبریں نشر کر رہی ہیں۔

یانگ دان کی عمر 44 برس ہے لیکن وہ محض 22 برس کی لگتی ہیں، یعنی یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ اِن گئے ماہ و سال نے ان پر کوئی بھی اثر نہیں ڈالا۔

گزشتہ ہفتے 8 مارچ کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر چین میں یانگ دان کی ایک ویڈیو اور چند تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جن میں ان کی 1996 سے لے کر رواں برس تک کی تصاویر شامل تھیں۔

یانگ دان کی 1996 میں لی گئی تصویر—. فوٹو/ بشکریہ ڈیلی میل

متعدد افراد کو جب ان کی عمر معلوم ہوئی تو سب ہی دنگ رہ گئے کیونکہ گذشتہ 22 سال سے لے کر اب تک ان میں ذرا بھی تبدیلی نہیں آئی بلکہ وہ اپنی عمر سے مزید چھوٹی نظر آنے لگی ہیں۔

کچھ نے تو اس بات کو جاننے کی بھی کوشش کی کہ آخر ان کے کم عمر دکھائی دینے کے پیچھے کیا راز ہے۔

اس حوالے سے تقریباً 20 ہزار 6 سو سے زائد صارفین نے تبصرے بھی کیا کہ آخر یہ کیسے ممکن ہے کہ 44 برس کی عمر میں پہنچ کر بھی ان میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

چینی ویب سائٹ کے مطابق یانگ دان کی پیدائش نومبر 1973 میں ہوئی تھی اور اس اعتبار سے ان کی عمر 44 برس بنتی ہے۔

یانگ دان کی رواں برس لی گئی تصویر—. فوٹو/ بشکریہ ڈیلی میل


مزید خبریں :