گونواز گو بہت ہوگیا اب شہبازشریف کی باری ہے: عمران خان

گجرات: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہےکہ گونواز گو بہت ہوگیا اب شہبازشریف کی باری ہے۔

گجرات میں ٹانڈہ کے مقام پر کارکنوں سے خطاب میں عمران خان نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جب عدالت نااہل قراردیتی ہے توکہا جاتا ہے کہ مجھے کیوں نکالا، نوازشریف لوگوں کو پاگل بنارہے ہیں، وہ بتائیں ان کے پاس اربوں روپے کہاں سے آئے؟ جب اربوں روپے کی پراپرٹی نکل آئی تونوازشریف کوبتانا چاہیے تھا کہ وہ کیسے بنائی۔

انہوں نے کہا کہ یہ 30 سال سےباریاں لے رہے ہیں، یہ امیر اور ہم غریب ہوئے، اب گونوازگو بہت ہوگیا، اب چھوٹےکی باری ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم ایک نئی قسم کی سیاست کررہے ہیں، نئے پاکستان میں انسانوں پرپیسا خرچ ہوگا، ہم ایسے امیدوار دیں گے جو ہم سے مل کر تبدیلی لائیں گے۔

شہبازشریف کے بیان پر رد عمل

دوسری جانب شہبازشریف کی جانب سے نوازشریف کو قائداعظم کا سیاسی وارث قرار دینے پر عمران خان نے شدید رد عمل کا اظہار کیا۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ کدھر قائداعظم اور شہباز شریف اور نوازشریف کدھر تم، شہبازشریف تمہیں اتنا بڑا جھوٹ بولتے شرم نہیں آتی۔

عمران خان نے مزید کہا کہ نوازشریف تو فارغ ہوگئے اور شہبازشریف تمہاری باری آنے والی ہے۔

’پاکستان میں بڑا ڈاکو وزیراعظم بن جاتا ہے‘

گجرات میں ہی جی ٹی ایس جلسہ گاہ میں خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں چھوٹا ڈاکو جیل میں اور بڑا ڈاکو ملک کا وزیراعظم بن جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس ملک کا وزیراعظم چور ہو وہ ترقی نہیں کرسکتا، اگر گھر کا سربراہ ہی گھر کو لوٹتا رہے تو گھر کا کیا حال ہوگا؟

عمران خان نے کہا کہ یہاں سے پیسہ چوری کرکے باہر لے جایا گیا اور ملک میں بے روزگاری اور مہنگائی بڑھ گئی۔

انہوں نے کہا کہ چین نے 3 سال میں ساڑھے 450 وزیروں کو کرپشن کے الزام میں جیل میں ڈالا ۔

’تحریک انصاف نوجوانوں کا مستقبل ٹھیک کرے گی‘

 عمران خان نے کہا کہ جس شخص کے بارے میں پارٹی ممبر بتائیں گے کہ وہ بندہ عوام کی خدمت کرنے والا ہے اس کو ٹکٹ دیں گے ،تحریک انصاف مستقبل کی جماعت ہے جو نوجوانوں کا مستقبل ٹھیک کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکول میں ایسی تعلیم دیں گے کہ وہاں کے بچے وزیراعظم بن سکیں گے، اپنے ممبران سے پوچھیں گے کہ کس کو پارٹی ٹکٹ دیا جائے، تحریک انصاف جمہوری پارٹی ہوگی خاندانی نہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ گو نواز گو، کیوں نکالا تو ہوگیا اب شہبازشریف کی باری ہے، 30 سال سے یہ خاندان ملک کو لوٹ رہا ہے، جو پیسہ یہ باہر لے کر جارہے ہیں ہم اپنے نوجوانوں، کسانوں اور عوام پر خرچ کریں گے۔

عمران خان نے کہا کہ جیسے ہی یہ جائیں گے ملک کے ادارے مضبوط ہوں گے، تحریک انصاف کے جنون کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔

مزید خبریں :