گوگل میپ میں وہیل چیئر استعمال کرنے والوں کیلئے خصوصی فیچر

گوگل میپ میں وہیل چیئر استعمال کرنے والے افراد کے لیے خصوصی فیچر متعارف کروا دیا گیا—. فائل فوٹو

گوگل کمپنی صارفین کو آسانیاں فراہم کرنے کے لیے ہر وقت ہی کوشاں رہتی ہے اور اب اس نے گوگل میپ میں اپنے اُن صارفین کو بھی سہولت فراہم کرنے کی ٹھانی ہے جو وہیل چیئر کے سہارے سفر کرتے ہیں۔

گوگل میپ میں اضافی فیچر کے ذریعے وہیل چیئر استعمال کرنے والے معذور افراد کو سہولت دی گئی ہے کہ وہ باآسانی گوگل میپ کو فولو کرتے ہوئے اپنی منزل پر پہنچ سکیں۔

اس کے ذریعے انہیں یہ معلومات حاصل ہوں گی کہ کون سا راستہ ان کے لیے ہموار ہے اور کس جگہ سے ان کی وہیل چیئر آسانی سے گزر سکتی ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ وہیل چیئر پر سفر طے کرنے کا دورانیہ کتنا ہوگا یا کتنا سفر باقی ہے، اس حوالے سے بھی معلومات حاصل ہوسکتی ہیں۔

گوگل کمپنی کا کہنا ہے کہ اس فیچر کو متعارف کرنے کا مقصد وہیل چیئر استعمال کرنے والے افراد کو خود مختار بنانا اور ان کے لیے آسانی مہیا کرنا ہے۔

یہ فیچر نا صرف معذور افراد کے لیے ہے بلکہ اس کا استعمال اسٹرالر اور بیساکھی استعمال کرنے والے افراد بھی کر سکتے ہیں۔

اس فیچر کے لیے صارف کو گوگل میپ ایپ میں آپشنز پر کلک کرنا ہوگا جس میں وہیل چیئر ایکسیسبل آئیکون واضح ہوگا جس پر کلک کرکے اسے فعال (enable)کرنا ہوگا۔

فی الحال یہ فیچر بوسٹن، میکسیکو، سڈنی، ٹوکیو اور لندن کے صارفین کے لیے دستیاب ہے جبکہ ممکن ہے کہ جلد ہی اسے پوری دنیا کے صارفین استعمال کر سکیں گے۔ 

مزید خبریں :