میاں صاحب سازشی ہوسکتے ہیں لیکن انقلابی نہیں، بلاول بھٹو


راولپنڈی: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ نواز شریف سازشی ہوسکتے ہیں لیکن انقلابی نہیں ہوسکتے۔ 

کوٹلی ستیاں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نواز شریف کہتے ہیں کہ سینیٹ انتخابات سے دل ٹوٹ گیا ہے، جب یہ ہار جاتے ہیں تو انہیں جمہوریت خطرے میں نظر آتی ہے اور اب مخالفین کے لئے کہا جارہا ہے کہ یہ چابی والے کھلونے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں میاں صاحب رضا ربانی کو لڑائی کے لئے ڈھال بنا کر اپنی ناکامی سے چھپنا چاہتے تھے تاہم بلوچستان، سندھ، فاٹا اور خیبرپختونخوا کے سینیٹرز نے مل کر آپ کو شکست دی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ چابی والے کھلونے کا نواز شریف سے زیادہ کسے پتا ہے جن کی سیاست اسی چابی سے کھلتی اور بند ہوتی رہی، مسئلہ یہ ہے کہ چابی کھلونے کے اندر ٹوٹ گئی ہے اور اگر چابی دوبارہ لگادی جائے تو وہ پرانی روش پر آجائیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ جو تین بار وزیراعظم ہاوٴس میں رہ کر ووٹ کا تقدس نہ کر سکا وہ آج کیا کرے گا، پارلیمان کی بالا دستی اور ووٹ کی حرمت آپ کو پاناما کے بعد کیوں یاد آرہی ہے اور ضیاء الحق کی چھتری تلے آپ کو کیوں ووٹ کا تقدس یاد نہیں آیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جونیجو حکومت کے خلاف سازش کرتے ہوئے ووٹ کا تقدس کیوں یاد نہیں آیا اور افتخار چوہدری کے کندھوں پر سوار ہو کر آر اوز سے مل کر ووٹ کے خلاف سازش کیوں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف جب بھی اقتدار میں آئے اسٹیل مل کو برباد کیا تاکہ اتفاق فاؤنڈری کا لوہا بک سکے، یہ لیڈر اور سیاست دان نہیں بلکہ کاروباری ہیں جو صرف اپنا منافع دیکھتے ہیں اور انہیں ملک اور عوام کی کوئی فکر نہیں ہے۔

بلاول بھٹو کی عمران خان پر شدید تنقید

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میاں صاحب کے بعد خان صاحب پشاور میں میٹرو بس بنا رہے ہیں، منافقت دیکھیں پہلے میٹرو بس پر انہیں گالیاں دیں اب خود میٹرو بس بنا رہے ہیں اور پشاور میٹرو بس ملک کی سب سے مہنگی میٹرو بس ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاک دامنی کا دعویٰ کرنے والے ایک ایک کر کے بے نقاب ہوتے جا رہے ہیں، خیبرپختونخوا کے سرکاری وسائل ہیلی کاپٹر کے دھویں میں اڑ رہے ہیں جب کہ عمران خان نے سب کو کرپٹ بولا لیکن اپنی آمدنی کے ذرائع نہیں بتا سکے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ خان صاحب نے گڈ اور بیڈ طالبان متعارف کرائے، جو خان صاحب کی چھتری میں چلے گئے وہ پاکباز ہوگئے اور جو زبان انہوں نے دوسروں کے خلاف استعمال کی اب خود اس کی لپیٹ میں آگئے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان 5 سال میں آپ کی تقریر سنتے سنتے کان پک گئے ہیں، آپ نے دی تو صرف گالی اور کچھ لیا تو صرف یو ٹرن، اگر اب بھی نہ سیکھے تو ایسا یو ٹرن آئے گا کہ آپ سیاست چھوڑ کر کرکٹ کی طرف چلے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگ عمران خان سے پوچھ رہے ہیں کہ آپ کا نیا خیبرپختونخوا کہاں ہے اور کہاں گیا آپ کا احتساب کمیشن، کہاں ہے آپ کی غیر سیاسی پولیس جس کی سرپرستی میں مشال خان کو قتل کیا گیا، عمران خان کو وزیراعلیٰ ہاؤس کو لائبریری میں تبدیل کرنا تھا وہاں سوئمنگ پول بنا دیا گیا۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ہم ان دونوں کے خلاف لڑیں گے، ہمارے ہتھیار ہمارے نظریات ہیں، پاکستان کو حقیقی طور پر سوشل ڈیموکریٹک ملک بنائیں گے۔

مزید خبریں :