دنیا
Time 18 مارچ ، 2018

طالبان امن کی کوشش سے فائدہ اٹھائیں: پاکستان اور افغانستان کے درمیان اتفاق


کابل: مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ نے افغان قیادت سے ملاقاتیں کیں جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان قومی سلامتی کے مشیر کے مطابق افغان صدر اشرف غنی کی امن مذاکرات کی پیشکش پر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے وہاں کا دورہ کیا جس کے دوران انہوں نے افغان صدر اشرف غنی، چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سے ملاقاتیں کیں۔

ترجمان کے مطابق مشیر قومی سلامتی نے افغان ہم منصب، وزیر دفاع اور افغان سیکیورٹی ایجنسی کے چیف سے بھی ملاقاتیں کیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران پاکستان اور افغانستان کا امن و استحکام کے لیے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا جب کہ مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ پاک افغان تعلقات بہتر کرنے کے لئے کوششیں کی جائیں۔



مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ اور افغان چیف ایگزیکٹو کے درمیان ملاقات کے دوران پاک افغان تعلقات میں بہتری کے لئے بین الریاستی مذاکرات پر بات چیت کی گئی۔

ملاقات کے دوران افغان امن عمل اور افغانستان کی جانب سے طالبان کو پیش کی گئی امن کی کوشش پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ کی جانب سے ملاقات کی تصاویر بھی ٹوئٹ کی گئیں جس میں انہوں نے کہا کہ دونوں جانب سے اتفاق کیا گیا کہ طالبان کو نئی امن پیش کش سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

مزید خبریں :