'عید کا تعلق صرف آپ سے نہیں ہے'، عدنان سمیع کا پاکستانی مداح کو جواب

عدنان سمیع کو یکم جنوری 2016 کو ہندوستانی شہریت دی گئی تھی—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی

معروف گلوکار و موسیقار عدنان سمیع خان نے ایک پاکستانی مداح کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عید کا تعلق تمام مسلمانوں سے ہے، براہ مہربانی اسے پاکستان بھارت کا موضوع نہ بنائیں۔

واضح رہے کہ ہندوؤں کے مذہبی تہوار 'اگادی' کے موقع پر عدنان سمیع خان نے سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کے لیے مبارکباد کا پیغام پوسٹ کیا تھا۔

'اگادی' تیلگو زبان بولنے والوں کے لیے سال نو کے آغاز کا تہوار ہے جو بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں بڑی دھوم دھام سے منایا جاتا ہے۔

عدنان سمیع کی جانب سے اگادی کی مبارکباد دینے پر ایک پاکستانی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ 'امید ہے آپ عید کے موقع پر ہمیں بھی یاد رکھیں گے'.

مذکورہ پاکستانی مداح نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں عدنان سمیع کے مشہور زمانہ گانے 'ہم بھی تو ہیں تمہارے، دیوانے ہو دیوانے' کے بول کے ساتھ لکھا، 'لو فرام پاکستان' (Love From Pakistan)۔


جس کے جواب میں عدنان سمیع نے لکھا کہ 'عید کا تعلق صرف آپ سے نہیں پوری مسلم امہ سے ہے، اسے پاکستان بھارت کا موضوع بنانے سے گریز کریں'۔

عدنان سمیع کا مزید کہنا تھا کہ 'بھارت میں مسلمانوں کی تعداد پاکستان سے زیادہ ہے'۔

عدنان سمیع نے اپنے پیغام کے آخر میں اپنے گانے کے بول 'کبھی تو نظر ملاؤ، کبھی تو قریب آؤ' بھی لکھے۔






واضح رہے کہ گزشتہ ایک دہائی سے ممبئی میں مقیم عدنان سمیع کو یکم جنوری 2016 کو ہندوستانی شہریت دی گئی تھی۔

لاہور سے تعلق رکھنے والے عدنان سمیع پہلی بار 13 مارچ 2001 کو ایک سال کے وزٹ ویزہ پر بھارت گئے تھے، جس کے بعد ان کے ویزا میں کئی بار توسیع کی جاتی رہی۔

بعدازاں انھوں نے بھارت میں اپنے قیام کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر قانونی قرار دینے کی درخواست کی، جس پر انہیں غیر معینہ مدت تک بھارت میں قیام کی اجازت دے دی گئی تھی۔

بھارتی شہریت اختیار کرنے کے بعد عدنان سمیع خان کو پاکستانیوں کی جانب سے کافی تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔

مزید خبریں :