عامر لیاقت حسین پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے


کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رہنما عامر لیاقت حسین نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

کراچی میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے ایم کیو ایم کے سابق رہنما عامر لیاقت حسین کے ہمراہ پریس کانفرنس میں اس بات کا اعلان کیا کہ عامر لیاقت پارٹی میں شامل ہورہے ہیں۔

اس کے بعد عامر لیاقت حسین نے پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔

اس کے علاوہ معروف اداکار عابد علی نے بھی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔

عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ وہ عامر لیاقت حسین کو تحریک انصاف میں خوش آمدید کہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن میں 6 مہینے رہ گئے ہیں، کراچی روشنیوں کا شہر تھا اوراب کہاں پہنچ گیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ چونکہ پی ٹی آئی کا مقابلہ اسٹیٹس کو کی فورسز سے ہے لہٰذا انہیں ایسا شخص پارٹی میں چاہیے تھا جو میڈیا میں تحریک انصاف کا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کرے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ سندھ میں سیاسی اتحاد کام کرکے نہیں دکھا سکا، کراچی کے لوگ تحریک انصاف کو تبدیلی لانے کا موقع دیں، کام کرکے دکھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سڑکیں تو عوام خود بنادیتی ہے، پیسہ عوام پر خرچ کرنا چاہیے۔

عمران خان نے کہا کہ کراچی کے لوگوں سے اپیل ہے کہ میرے لیے نہیں، اپنے بچوں کے مستقبل کیلئے آگے آئیں، جس کمبی نیشن نے کراچی کو تباہ کیا وقت آگیا ہے کہ اس کو تبدیل کیا جائے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے کہا تھا کہ عامر لیاقت حسین پیر کے روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ساتھ پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا اعلان کریں گے۔

22 اگست 2016 کو بانی متحدہ قومی موومنٹ کی پاکستان مخالف تقریر کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایم کیو ایم کے کارکنوں اور رہنماؤں کے خلاف کارروائی کی تھی اور فاروق ستار، عامر لیاقت حسین و دیگر رہنماؤں کو رینجرز نے حراست میں لے لیا تھا۔

اگلے روز یعنی 23 اگست کو عامر لیاقت نے سیاست سے کنارہ کشی کا اعلان کردیا تھا اور کہا تھا کہ ان کا ایم کیو ایم سمیت کسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں۔

خیال رہے کہ جیسے جیسے موجودہ حکومت کی آئینی مدت کے ختم ہونے کا وقت قریب آرہا ہے سیاسی جماعتوں کے درمیان رسہ کشی میں بھی اضافہ ہورہا ہے اور سیاستدان ہوا کا رخ دیکھ کر اپنے مستقبل کا فیصلہ کررہے ہیں۔

گزشتہ دنوں حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی نصر اللہ گھمن بھی پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے تھے جبکہ ان کے متعدد حامیوں نے بھی پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔

گزشتہ 20 روز کے دوران نصر اللہ گھمن سمیت ن لیگ کے چار ارکان اسمبلی پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کرچکے ہیں۔

مزید خبریں :