پیپلز پارٹی کے رہنما ایاز سومرو انتقال کر گئے

نیویارک: پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی ایاز سومرو امریکا میں انتقال کرگئے۔

ایاز سومرو گزشتہ کئی ماہ سے بیمار تھے اور علاج کی غرض سے امریکا گئے تھے جہاں وہ مین ہیٹن کے اسپتال میں زیرعلاج تھے۔

59 سالہ ایاز سومرو کے چھوٹے بھائی عرفان سومرو کے مطابق ایاز سومرو عارضہ قلب میں مبتلا تھے اور 20 روز قبل ہی علاج کے لئے امریکا پہنچے تھے۔

مرحوم کے بھائی کا کہنا ہے کہ میت پاکستان لے جانے کے لئے انتظامات کر رہے ہیں، پی آئی اے کی امریکا سے پاکستان کے لئے براہ راست پرواز بند ہونے کی وجہ سے میت لے جانے میں مشکلات درپیش ہیں۔

ایاز سومرو کی نماز جنازہ آج امریکا کے مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجے بروکلین کی مکی مسجد میں بعد نماز عصر ادا کی جائے گی اور تدفین کے لئے میت پاکستان لائی جائے گی۔

ایاز سومرو 2013 کے عام انتخابات میں لاڑکانہ سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے جب کہ وہ سندھ کے سابق وزیر قانون بھی رہ چکے ہیں۔

ایاز سومرو کے انتقال پر اظہار تعزیت

ایاز سومرو کے انتقال پر اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ایاز سومرو بھٹو کے عظیم جیالے اور بے نظیر کے جاں نثاروں میں سے تھے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اپنے بیان میں ایاز سومرو کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔

مزید خبریں :