کراچی: سمندر میں گرنے والے کنٹینرز کو نکالنے کا آپریشن مؤخر

کراچی کی بندرگاہ پر گزشتہ روز کنٹینرز سے لدے جہاز سے گرنے والے کنٹینرز کی تلاش کے لئے شروع کیا گیا زیرآب آپریشن روک دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق بندرگاہ پر تکنیکی وجوہات کے سبب کنٹینرز نکالنے کا کام مؤخر ہوگیا ہے، غوطہ خوروں نے زیر سمندر 12 کنٹینرز کو رسوں سے باندھ دیا ہے جنہیں بدھ کو کرینوں کی مدد سے نکال کر برتھ پر رکھا جائے گا۔

 ذرائع کے مطابق  کنٹینرز گرنے سے جیٹی کو بھی جزوی نقصان ہوا جبکہ ٹورٹن جہاز پر دو سے تین فٹ طویل گہرا ڈینٹ پڑا ہے اور  برتھ پر کھڑے جہاز ہمبرگ بے کو بھی معمولی نقصان ہوا ہے۔

خیال رہے کہ غوطہ خوروں نے زیرآب کنٹینرز کی تلاش شروع کی تھی اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کی کرین 'ہاتھی' کو بھی کنٹینرز نکالنے کے لئے اسٹینڈ بائی کر دیا گیا تھا۔

پورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ کنٹینرز کو بہہ کر چینل میں جانے سے روکنے کے لئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

دوسری جانب چیئرمین کے پی ٹی جمیل اختر نے کنٹینرز سے لدے جہاز کا لنگر انداز جہاز سے ٹکرانے کی جگہ کا دورہ کیا اور کنٹینرز کے ڈوبنے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز جہاز کی برتھنگ کے دوران کنٹینرز سے لدا جہاز لنگر انداز جہاز سے ٹکرا گیا تھا جس کے نتیجے میں 21 کنٹینرز سمندر میں گر گئے تھے۔

مزید خبریں :