دنیا
Time 20 مارچ ، 2018

دنیا کا آخری سفید نر گینڈا چل بسا

— سفید نر گینڈا سوڈان

دنیا کا آخری سفید نر گینڈا کینیا میں انتقال کر گیا جس کے بعد یہ نسل کرہ ارض سے مکمل طور پر ختم ہونے کے قریب پہنچ گئی ہے۔

دنیا کا آخری سفید نر گینڈا ’’سوڈان ‘‘گزشتہ کچھ ہفتوں سے ٹانگوں کے انفیکشن میں مبتلا تھا۔

سوڈان کی موت کے بعد اب دنیا میں صرف دو سفید مادہ گینڈے باقی رہ گئے ہیں۔

ال پجیتا کنزرونسی کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ انفیکشن کے باعث سوڈان کی حالت شدید خراب ہو گئی تھی اور وہ کھڑا ہونے کے قابل بھی نہیں تھا جس کے باعث وٹرنری ٹیم نے اسے ازیت سے بچانے کے لیے موت دے دی۔

مذکورہ نر گینڈے کو 1975 میں محض 2 برس کی عمر میں پکڑ کر یورپی ملک چیک ریپبلک کے ایک چڑیا گھر منتقل کیا گیا تھا۔ لیکن چڑیا گھر کو درپیش مالی بحران اور سوڈان کا افزائش نسل کے قابل نہ ہو سکنے کے باعث اسے 2009 میں 2مادہ سفید گینڈوں ناجن اور فاتو کے ہمراہ کینیا کے ال پجیتا کنزرونسی میں منتقل کر دیا گیا تھا۔

ڈبلیو ڈبلیو ایف کے مطابق 1960 میں دنیا میں تقریباً 2 ہزار کے لگ بھگ سفید گینڈے موجود تھے مگر جنگوں اور غیرقانونی شکار کے باعث ان کی نسل ختم ہونے کے قریب پہنچ چکی ہے۔

مزید خبریں :