کھیل
Time 22 مارچ ، 2018

کراچی کنگز کے غیرملکی کھلاڑی اپنے اپنے ملک روانہ

لاہور: پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایلیمینیٹر میچ میں شکست کے بعد کراچی کنگز کے غیر ملکی کرکٹرز اپنے اپنے وطن واپس روانہ ہوگئے۔

لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اپنے ملک واپس جانے والے  کراچی کنگز کے غیرملکی کھلاڑیوں میں سے 3 کا تعلق برطانیہ اور ایک کا جنوبی افریقا سے ہے اور غیرملکی کرکٹرز میں روی بوپارا، ٹائمل ملز، جو ڈینلی اور کولن انگرام شامل ہیں۔ 

کھلاڑیوں کی جانب سے لاہور میں پی ایس ایل انتظامات کی تعریف کی گئی اور انگلش کرکٹر ٹائمل ملز نے اگلے سال دوبارہ پاکستان آنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ٹائمل ملز نے کہا کہ پاکستان میں بہت اچھا وقت گزارا، پی ایس ایل میں پہلی مرتبہ لاہور آیا جہاں بہت زبر دست ماحول تھا اور اب اگلے سال دوبارہ پاکستان آؤں گا۔

ٹائمل ملز نے مزید کہا کہ لاہور میں سیکیورٹی بہترین تھی اور ہمارا اچھا خیال رکھا گیا لیکن بدقسمتی ہے کہ ہم میچ نہیں جیت سکے۔  

روی بوپارا کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے پشاور زلمی سے شکست ہوئی اور فائنل کھیلنے کی خواہش پوری نہ ہوسکی تاہم کراؤڈ نے زبردست ماحول بنادیا تھا اور پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات بھی بہترین تھے۔

انگلش کرکٹر جوڈینلی نے کہا کہ پاکستان میں بہت انجوائے کیا اور یہاں گزارا گیا وقت بہت اچھا تھا، انہوں نے کراچی کنگز کی سپورٹ کرنے پر متحدہ عرب امارات اور خاص طور پر پاکستانی شائقین کا شکریہ ادا کیا اور فائنل کھیلنے والی ٹیموں کے لئے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔ 

مزید خبریں :