جنگ، جیو پر جھوٹے الزامات: عمران خان آج بھی غیر حاضر، 9 اپریل کو پھر طلب

اسلام آباد: جنگ اور جیوگروپ کے خلاف جھوٹے الزامات لگانے پر ایک ارب روپے کے ہرجانے کے دعوے کے کیس میں عمران خان آج بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے انہیں 9 اپریل کے لیے سمن جاری کردیئے۔

ایڈیشنل سیشن جج سکندر خان نے جنگ جیو گروپ پرجھوٹے، بے بنیاد اور من گھڑت الزامات پر عمران خان کے خلاف ایک ارب روپے ہرجانے کے دعوے کی انڈی پینڈنٹ میڈیا کی درخواست پر تیسری سماعت کی۔

جنگ، جیوگروپ کے وکیل نے عمران خان کو بھجوائے گئے عدالتی نوٹس اور اس کی تعمیل کی رپورٹس عدالت میں پیش کیں۔

عدالت میں دو مرتبہ کیس کال ہونے کے باوجود عمران خان یاان کے وکیل پیش نہ ہوئے جس پر انڈیپینڈنٹ میڈیا کے وکیل عامر عبداللہ عباسی ایڈووکیٹ نے یکطرفہ کارروائی کی استدعا کردی۔

عامر عبداللہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ عمران خان کو دوسری مرتبہ بھی نوٹسز کی تعمیل ہو چکی ہے، انہیں ڈاک، کوریئر سروس اور پراسیس سرور کے ذریعے نوٹس بھجوائے گئے، عمران خان یا ان کے وکیل نوٹسزکی تعمیل کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہوئے۔

ایڈیشنل سیشن جج نے کہا کہ عدالتی وقت ختم ہونے تک انتظار کر لیتے ہیں، شاید کوئی پیش ہو جائے۔ 

بعد ازاں عدالتی وقت ختم ہونے تک عمران خان یا ان کی طرف سے کوئی بھی عدالت میں پیش نہیں ہوا جس پر عدالت نے انہیں 9 اپریل کو پیش ہونے کے لیے سمن جاری کردیئے۔

عدالت نے ہدایت کی کہ سمن عدالت کی پراسیس سرونگ ایجنسی کے ذریعے عمران خان کی رہائش گاہ پر لگائے جائیں۔

نمائندہ جیونیوز سے گفتگو میں عامر عبداللہ ایدووکیٹ کا کہنا تھا کہ یہ ہتک عزت کا عام مقدمہ نہیں بلکہ عزت کے قتل عام کا کیس ہے، قانون کے مطابق ہتک عزت کے مقدمے کا فیصلہ 90 دن میں ہونا چاہیے۔

مزید خبریں :