ہاؤسنگ سوسائٹی کا کیس: خواجہ سعد نے نیب میں پیشی کیلئے نئی تاریخ مانگ لی

فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے قومی احتساب بیورو (نیب) میں پیشی کے لئے نئی تاریخ مانگ لی۔

نیب نے خواجہ سعد رفیق کو نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے متعلق تفتیش کے لیے آج طلب کیا تھا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آج نیب لاہور نے بلایا تھا تاہم اسلام آباد میں سرکاری مصروفیات ہیں اور چینی سفیر کے ساتھ طے شدہ  ملاقات ہے، نیب کو اگلی تاریخ کے لئے خط لکھ دیا ہے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ نیب سے تعاون بھی کروں گا، تفصیلات بھی دوں گا، نیب نے پیراگان سوسائٹی کے حوالے سے پوچھا ہے جو سوالات پوچھے گئے ان کے جواب دوں گا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نیب کے کالے قانون کو نہ ماننے کے باوجود پیش ہوں گا اور میں اور میرا بھائی بھِی نیب لاہور میں تفصیلات جمع کرائیں گے۔

وزیر ریلوے نے الزام عائد کیا کہ نیب میں مشرف دور کی بھرتی والے لوگ بیٹھے ہیں اور کوئی احتساب نہیں ہورہا ہے بلکہ احتساب کے نام پر نشانہ بنایا جارہا ہے۔ 

خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ یہاں پر احتساب کے نام پر لوگوں کو ٹارگٹ کیا گیا ہے، چاہے ہمارا دور تھا یا کوئی اور، اس ملک میں کبھی شفاف احتساب نہیں ہوا، نیب کا یہ کالا قانون ہے اور اسے ہم نے ہمیشہ کالا قانون ہی کہا ہے۔

مزید خبریں :