نواز شریف اور مریم نواز کی درخواست مسترد کرنا احتساب نہیں انتقام ہے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نیب کورٹ کے فیصلے میں نواز شریف اور مریم نواز کی درخواست مسترد کرنا احتساب نہیں انتقام ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی نواز شریف عوام کی جنگ لڑرہے ہیں، احتساب عدالت کا فیصلہ کلثوم نواز سے بھی انتقام ہے ،کلثوم نواز نے ایک آمر کے جبر کے خلاف حق اور سچ کی جنگ لڑی۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ مریم نواز اور نوازشریف کا احتساب ہورہا ہے یا یہ انتقام ہے،نواز شریف سے یہ انتقام کیوں لیا جارہا ہے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو واٹس ایپ اور جے آئی ٹی کے ہیرے ہوتے ہيں، چور دروازے سے نیب کورٹ کے اندر آتے ہيں، اُن لوگوں کو خدا کا خوف نہيں آتا کہ منتخب وزیرا‏عظم کو اقامہ کی بنیاد پر نکال دیا، آج بھی نواز شریف عوام کی جنگ لڑرہے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک میں دہشتگردی ختم اور پارک آباد ہو رہے ہیں، پاکستان کےاندر تمام پروجیکٹس پر نوازشریف کانام ہے، سی پیک پاکستان اور خطے کی عوام کو نوازشریف کاتحفہ ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ شاہدخاقان عباسی نوازشریف کی دی گئی ذمہ داری نبھا رہے ہیں، نوازشریف نے عوام کو بے تحاشہ پروجیکٹ کے تحفے دیے۔

علاوہ ازیں اسلام آباد میں مریم اورنگزیب نے یوم پاکستان سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم پاکستان ہمیں قائداعظم اور علامہ اقبال کی یاد دلاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ نے اپنی ہر تقریر میں تعلیم پر زور دیا ہے، ہماری نوجوان نسل کو اپنی قومی زبان پرخصوصی توجہ دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں بہت زیادہ کٹھن دور آئے تاہم پاکستانی قوم ہر مصیبت سے سرخرو ہو کر نکلی ہے ملک میں جب بھی شب خون مارنے کی کوشش کی گئی جمہوریت کو مزید تقویت ملی۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ ہماری قیادت پاکستان کو سنوارنے کے لئے مثالی اقدامات کر رہی ہے وہ دن دور نہیں جب ہمارا پیارا ملک پاکستان دنیا کے ترقی یافتہ اور خوشحال ممالک میں شامل ہو گا اور حقیقت میں قائد اعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان بنے گا۔

مزید خبریں :