مریم نواز کی وجہ سے پارٹی بند گلی میں جا رہی ہے، چوہدری نثار

سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے ایک بار پھر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی لیڈر شپ سے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز کی تند و تیز زبان کی وجہ سے پارٹی بند گلی میں جا رہی ہے۔

گزشتہ روز نواز شریف کی جانب سے چوہدری نثار سے متعلق جب سوال پوچھا گیا تو انہوں نے غالب کا ایک شعر پڑھا تھا۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ کسی سے کوئی توقع نہیں رکھنا چاہتے، دنیا کا دستور ہے چلتا رہتا ہے۔

مریم نواز نے کہا تھا کہ اگر اچھے لوگوں کے ساتھ نیکی کی جائے تو نسلوں تک یاد رکھی جاتی ہے اور اگر برے انسانوں کے ساتھ نیکی کی جائے تو وہ الٹی چالیں چلتے ہیں۔

آج چوہدری نثار کی جانب سے بھی نواز شریف کے شعر کا جواب شعر کی صورت میں دیا گیا ہے۔

چوہدری نثار کی جانب سے جاری تحریری جواب میں منیر نیازی کا شعر کہا گیا۔

ادب کی بات ہے ورنہ منیر سوچو تو

جو شخص سنتا ہے وہ بول بھی تو سکتا ہے

سابق وزیر داخلہ نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب احسان انسان نہیں اللہ کرتا ہے انسانوں پر، اگر آپ نے کسی پر احسان کیا ہے تو بہت سے لوگوں نے آپ پر بھی احسان کیے ہوں گے، آپ کو ان کا بھی احساس اور احسان مند ہونا چاہیے۔

چوہدری نثار نے کہا کہ جس طرح کی زبان مریم نواز کی جانب سے ان کے بارے میں استعمال کی جا رہی ہے وہ اسی پیرائے میں جواب دے سکتے ہیں لیکن ابھی میرے دل میں شریف خاندان کے لیے احترام باقی ہے اس لیے جواب نہیں دے رہا اور اور میں نے اپنے اوپر یہ پابندی صرف آج کے بیان تک لگائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے بڑے صبر اور تحمل سے حالات اور معاملات کو برداشت کیا ہے اور کوشش کی ہے کہ کسی معاملے پر اس حد تک ردعمل نہ دوں جس سے پارٹی کو نقصان پہنچے۔

ان کا کہنا تھا کہ خود کو کافی حد تک قومی سیاست سے الگ کر کے حلقے کی سیاست تک محدود کر لیا ہے لیکن اگر کٹھ پتلیوں کے ذریعے الزامات آتے رہے تو تفصیلی وضاحت کا حق محفوظ رکھتا ہوں۔

مزید خبریں :