برطانوی سیکریٹری داخلہ کا دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی کاوشوں کا اعتراف

لندن: برطانوی سیکریٹری داخلہ امبر رُڈ نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششیں اور قربانیوں کا اعتراف کیا۔

وزیراعلیٰ آفس لاہور سے جاری بیان کے مطابق برطانوی وزیر داخلہ امبر رڈ اور شہباز شریف کے درمیان ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر گفتگو ہوئی۔

اس موقع پر برطانوی وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے لائق تحسین کردار ادا کیا، وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کی ٹیم کی محنت کے باعث پنجاب میں تعلیم اور صحت کے میدان میں بہتر نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ شہبازشریف کی قیادت میں حکومت پنجاب کا اصلاحاتی پروگرام کامیابی سے ہمکنار ہو رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں، تعلیم اور صحت کے شعبے میں برطانیہ کا تعاون قابل تحسین ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج، پولیس اور دیگر اداروں کی خدمات قابل تحسین ہیں، پنجاب کے بڑے شہروں میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی کاوشوں کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں سیف سٹی اتھارٹی کے قیام کے باعث دہشت گردی اور دیگر جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف طبی معائنے کے لیے لندن میں موجود ہیں۔

مزید خبریں :