پاکستان
Time 05 اپریل ، 2018

پاکستان کی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر غیر ملکی سفیروں کو بریفنگ

سیکریٹری خارجہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے غیر ملکی سفراء کو بریفنگ دی: فوٹو/ فائل

اسلام آباد: پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر غیر ملکی سفیروں کو بریفنگ دی جس میں بھارتی مظالم کو اجاگر کیا گیا۔

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے مظالم جاری ہیں جن میں گزشتہ چند دنوں سے مزید شدت آگئی ہے، قابض بھارتی فوج نے وادی میں وحشیانہ کارروائیوں میں 20 سے زائد کشمیریوں کو شہید کردیا ہے جب کہ پاکستان کی جانب سے مختلف فورمز پر اس کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

غیر ملکی سفیروں کو بریفنگ

دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ سے قبل غیر ملکی سفیروں کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی جس میں سیکریٹری خارجہ اوردیگر اعلیٰ حکام نے غیر ملکی سفیروں کوبریف کیا۔

بریفنگ کے آغاز پر مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر ویڈیو دکھائی گئی جس میں مقبوضہ کشمیر کی خوبصورتی اور بھارتی مظالم کو اجاگر کیا گیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بےگناہ نوجوانوں کو شہید کیا جارہا ہے، غیرانسانی اورغیر اخلاقی طور پر پیلٹ گنز کا استعمال دیکھنے میں آیا ہے، خواتین اور بچوں کو پیلٹ گنز کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی ہفتہ وار بریفنگ

بعد ازاں ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان بھارتی فوج کے مظالم اور ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتا ہے، بھارتی فوج نے 19 سے27 سال کے نوجوان کشمیریوں کو شہید کیا، شہدا میں حافظ قرآن اور ایم افل اسکالرز بھی ہیں، بھارتی مظالم نےبھارتی ریاستی دہشت گردی کامکروہ چہرہ بےنقاب کر دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی آزادانہ تحقیقات کرائی جائیں، اقوام متحدہ انسانی حقوق کمیشن کوانکوائری کے لیے ہدایات دے۔

ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت سے زخمی افراد کا دنیا کے کسی بھی ملک میں علاج کے اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارت کے ساتھ جامع مذاکرات کے لیے ہروقت تیار ہیں، بھارت راہ فرار اختیار کررہا ہے، فی الوقت بھارت کے ساتھ کوئی اہم پیشرفت متوقع نہیں ہے۔

مزید خبریں :