فیس بک پر سیاسی اشتہارات کی تصدیق لازمی قرار

فیس بک پر سیاسی اشتہارات کی تصدیق لازمی قرار دے دی گئی—.فائل فوٹو

فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے فیس بک پر سیاسی اشتہارات پوسٹ کرنے سے قبل اس کی تصدیق لازمی قرار دے دی ہے۔

سماجی رابطے کی سب سے بڑی سائٹ فیس بک نے اعلان کیا کہ اس ویب سائٹ پر چلنے والے تمام سیاسی اشتہارات اب تصدیق کے بعد ہی پوسٹ ہوں گے جس میں پوسٹ کے مواد سے لے کر صارف کی بھی معلومات دیکھی جائے گی۔

فیس بک پر انتخابات کے دوران امیدوار یا عوام کے لیے شائع کیے جانے والے پیغام میں ’سیاسی اشتہار‘ کے لیبل کے ساتھ ساتھ اشتہار دینے والے شخص کا نام بھی ہوگا۔

اس کا مقصد کسی بھی انتخابات میں بیرونی مداخلت کو روکنا ہے تاہم اس کے لیے کمپنی کو ہزاروں نئے افراد کو ملازمتیں بھی دینا پڑیں گی۔

فیس بک کمپنی نے 2018 کو انتخابات کے لیے’’ بڑا سال‘‘ قرار دیا ہے۔

مارک زکربرگ نے کہا کہ فیس بُک افواہیں، منفی اوراشتعال انگیز باتیں پھیلانے والوں کا راستہ روکنے کے لیے سیکیورٹی فیچرز بھی بہتر بنارہی ہے۔

خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں فیس بُک اس وقت شدید تنقید کی زد میں آئی جب یہ انکشاف ہوا کہ سیاسی مشاورت فراہم کرنے والی فرم، کیمبرج انالیٹیکا جس نے ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی مہم کے لیے بھی خدمات انجام دی تھیں، اسے فیس بُک کے 87 ملین صارفین کی ذاتی معلومات تک رسائی حاصل تھی۔

مزید خبریں :