پاکستان
Time 09 اپریل ، 2018

(ن) لیگ کو جھٹکا: 8 ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے پارٹی چھوڑ دی


لاہور: عام انتخابات 2018 سے قبل مختلف سیاسی جماعتوں کے ارکان کی وفاداریاں تبدیل کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور ایسے میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے 6 قومی اور 2 ارکان صوبائی اسمبلی نے مستعفی ہوکر پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران مسلم لیگ (ن) کے رہنما خسرو بختیار نے قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا جب کہ ساتھ ہی انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے 6 ارکان قومی اسمبلی اور 2 ممبران صوبائی اسمبلی کے استعفوں کی تصدیق کی۔

مستعفی ہونے والوں میں طاہر اقبال، رانا محمد قاسم، باسط بخاری، سردار دریشک، چوہدری سمیع اللہ، سلیم اللہ چوہدری اور طاہر بشیر چیمہ شامل ہیں۔

جنوبی پنجاب صوبہ محاذ بنانے کا اعلان

خسرو بختیار نے جنوبی پنجاب صوبہ محاذ بنانے کا اعلان کرتےہوئے بتایا کہ سابق وزیراعظم بلخ شیریں مزاری اس محاذ کے سرپرست ہیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خسرو بختیار نے کہا کہ پریس کانفرنس کا مقصد وفاق کومضبوط اورنئے صوبے کے قیام کا اعلان ہے، ہمارا یک نکاتی ایجنڈا ہے جو جنوبی پنجاب صوبہ بنانا ہے، جنوبی پنجاب کے عوام اور کئی اہم سیاستدان ہمارے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے 30 برس سے جنوبی پنجاب کے عوام غربت اور جہالت کا شکار رہے، جنوبی پنجاب میں غربت کی شرح 51 فیصد ہے اور یہاں کے عوام بیروزگاری کے عفریت سے لڑرہے ہیں۔

خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ ہمیں وسائل کی منصفانہ تقسیم بھی نہیں مل رہی،  ہمیں وسائل کی منصفانہ تقسیم چاہیے۔

عہدیداروں کا اعلان

سابق وزیراعظم بلخ شیریں مزاری پنجاب صوبہ محاذ کے چیئرمین اور نصراللہ دریشک نائب ہوں گے جب خسرو بختیار کو صدر اور  باسط بخاری کو سینئر نائب صدر مقرر کیا گیا ہے۔

نائب صدور میں طاہر اقبال چوہدری، رانا قاسم اور چوہدری سمیع اللہ شامل ہیں جب کہ طاہر بشیر چیمہ جنرل سیکریٹری مقرر کیے گئے ہیں۔

2 ایم پی اے کا آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان

علی اصغر (دائیں) اور طارق باجوہ (بائیں): فوٹو/ فائل

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے دو ایم پی اے علی اصغر منڈا اور طارق محمود باجوہ نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔

علی اصغر منڈا 2013 کے عام انتخابات میں پی پی 165 جب کہ طارق محمود باجوہ پی پی 170 سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

علی اصغر منڈا کا کہنا ہے کہ وہ وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر کے مقابلے میں قومی اسمبلی کا الیکشن لڑیں گے۔

طارق محمود باجوہ نے وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر اور گلگت بلتستان برجیس طاہر کے مقابلے میں آزاد حیثیت سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔

مزید خبریں :