پاکستان
Time 11 اپریل ، 2018

بھارت مقبوضہ کشمیر میں ہندو اکثریت کیلیے آبادی میں تبدیلیاں کررہا ہے: وزارت خارجہ

وزارت خارجہ کی جانب سے ایوان میں تحریری جواب پیش کیا گیا: فوٹو/ فائل

اسلام آباد: وزارت خارجہ نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ہندو اکثریت کے لیے آبادی میں تبدیلیاں کررہا ہے۔

قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران وزارت خارجہ کی جانب سے تحریری جواب پیش کیا گیا جس میں مقبوضہ کشمیر سے متعلق بتایا گیا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ہندو اکثریت کے لیے آبادی میں تبدیلیاں کررہا ہے، اس مسئلے پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کو خطوط لکھے ہیں جب کہ وزارت خارجہ اس ضمن میں بیانات بھی جاری کرچکی ہے۔

بیرون ملک جانیوالے پاکستانیوں کی تعداد میں اضافہ

تحریری جواب میں بتایا گیا ہےکہ حالیہ سالوں میں بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا، بیرون ممالک جانے کی وجہ وہاں کا معیار تعلیم ہے، یورپی اور امریکی ممالک میں روزگار کے لیے بھی پاکستانی جارہے ہیں۔

وزارت خارجہ کا کہنا ہےکہ ہمارے شہری غیر ملکیوں سے شادی بھی کرلیتے ہیں اور پاکستانی باہر کے ممالک میں غیر ملکی شریک حیات کے ساتھ رہنے کو ترجیح دیتے ہیں جب کہ پاکستانی اپنے آپ کو بیرون ملک پاکستانی مشنز میں رجسٹرڈ نہیں کرواتے۔

چین میں 484  پاکستانی قیدی

وزارت خارجہ نے بتایا ہے کہ چین میں اس وقت 484 پاکستانی قید ہیں، پاکستانی قیدیوں میں 122 بیجنگ سفارتخانے کی حدود میں ہیں، شنگھائی قونصلیٹ کی حدود میں 13، گوانگزو کی حدود میں 94 پاکستانی قید ہیں، چنگدو قونصلیٹ کی حدود میں 13، ہانگ کانگ میں 242 پاکستانی قید ہیں، قیدیوں سے متعلق پاکستانی سفارتی مشنز چینی حکام سےرابطے میں ہیں۔

مزید خبریں :