دو روزہ فیشن پاکستان ویک کا رنگا رنگ اختتام

ایف پی ڈبلیو کے دوسرے روز بھی ستاروں کی گہما گہمی رہی، نت نئے ملبوسات کی کلیکشنز متعارف کی گئیں اور ساتھ میں حب الوطنی کا پیغام بھی دیا گیا۔

کراچی: پاکستان فیشن ڈیزائن کاؤنسل کے زیر اہتمام دو روزہ فیشن پاکستان ویک اپنی رعنائیاں بکھیر کر اختتام پذیر ہوگیا۔

ایف پی ڈبلیو کے دونوں دن جھل مل کردہ ملبوسات زیب تن کیے ماڈلز اور اداکاروں نے ریمپ پر خوب چار چاند لگائے ۔

تمام ڈیزائنرز نے اپنی رنگا رنگ اور شاندار کلیکشنز پیش کی، جس میں معاشرتی حالات کے منظر نامے سمیت انسانی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے شعور و آگاہی پھیلانے کی بھی کوشش کی گئی۔

اگر یہ کہا جائے کہ فیشن اب صرف دِکھتا ہی نہیں بلکہ سماجی مسائل کے لیے آواز بھی اٹھاتا ہے تو غلط نہیں ہوگا۔

ایف پی ڈبلیو کے پہلے روز جہاں موسم بہار و گرما کی مناسبت سے فیشن کے نئے انداز متعارف کروائے گئے، وہیں خواتین اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کے پیغام کی جانب بھی سب کی توجہ مرکوز کروائی گئی۔

ایسے ہی ایف پی ڈبلیو کے دوسرے روز بھی ستاروں کی گہما گہمی رہی، نت نئے ملبوسات کی کلیکشنز متعارف کی گئیں، پہناووں کے بہترین اسٹائل کے آئیڈیاز دیئے گئے اور حب الوطنی کا پیغام دیا گیا۔

ڈیزائنر روزینہ منیب 

ڈیزائنر روزینہ منیب نے ایف پی ڈبلیو کے دوسرے دن بہار اور گرمی کے تال میل سے ذرا گہرے رنگوں کی ملبوسات کی کلیکشن ’گلیمو راما‘ پیش کی، جس میں 3 ڈی فلاور ورک، نگینے، موتی، کلچرل کرافٹ، سیکوئنسز اور کرسٹل کا فن نمایاں نظر آیا۔

فوٹو/ بشکریہ فیشن پاکستان ویک انسٹاگرام—۔

 اداکارہ نیلم منیر نے ڈیزائنر روزینہ منیب کی شو اسٹوپر کے طور پر  ریمپ پر واک کی، انہوں نے جھل مل کرتا گہرے نیلے رنگ کا باربی اسٹائل گاؤن زیب تن کر رکھا تھا۔

فوٹو/ بشکریہ فیشن پاکستان ویک انسٹاگرام—۔

ڈیزائنر نتاشا کمال

ڈیزائنر نتاشا کمال نے ’ابرو‘ کلیکشن پیش کی جس میں خوبصورت ماربل اور دلکش ٹیکسچر کا کمال نظر آیا۔

فوٹو/ بشکریہ فیشن پاکستان ویک انسٹاگرام—۔

ان کی کلیکشن میں ہلکے رنگوں کا انتخاب دیکھا گیا جسے خوب پزیرائی ملی۔

فوٹو/ بشکریہ فیشن پاکستان ویک انسٹاگرام—۔

ڈیزائنر کنول

فیشن پاکستان ویک کے دوسرے روز  ڈیزائنر کنول کی ڈیبیو کلیکشن میں رنگین دھاگوں سے مزین ثقافتی رنگ دیکھنے کو ملا۔

فوٹو/ بشکریہ فیشن پاکستان ویک انسٹاگرام—۔

انہوں نے اپنی کلیکشن میں ’پتلی تماشا‘کی عکاسی کی، جسے بچپن میں دیکھا جاتا تھا اور اب کہیں نہ کہیں کسی فیسٹول یا میلوں میں دیکھنے کو ملتا ہے۔

ان کی دلکش کلیکشن میں شامل ملبوسات پر بنی مخلتف رنگا رنگ کٹھ پتلیوں نے سب کی دلچسپی سمیٹ لی تھی۔

فوٹو/ بشکریہ فیشن پاکستان ویک انسٹاگرام—۔

ڈیزائنر دیپک پروانی:

پاکستان کے معروف ڈیزائنر دیپک پروانی نے ’بلیک اِز دا نیو وائٹ‘ کلیکشن پیش کی جس میں ان کی شو اسٹوپر اداکارہ ثروت گیلانی تھیں۔

فوٹو/ بشکریہ فیشن پاکستان ویک انسٹاگرام—۔

انہوں نے اپنی کلیکشن میں دو بنیادی رنگوں سفید اور کالے کا انتخاب کیا تھا جس میں اوریئنٹل گلاب کے ڈیزائن کو ترجیح دی گئی۔

فوٹو/ بشکریہ فیشن پاکستان ویک انسٹاگرام—۔

یہ کلیکشن انہوں نے آج کے نوجوانوں میں سیاہ اور سفید رنگ کی پسندیدگی اور موسم کے لحاظ سے بدلتے موڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کی ہے۔

فوٹو/ بشکریہ فیشن پاکستان ویک انسٹاگرام—۔

ڈیزائنرز سائرہ شکیرا:

ڈیزائنرز سائرہ فیصل اور شکیرا عثمان نے اپنی ’ونڈ فار سمر‘ کلیکشن متعارف کی جس میں سافٹ پیسٹلز رنگوں کا انتخاب کیا گیا۔

فوٹو/ بشکریہ فیشن پاکستان ویک انسٹاگرام—۔

ان کے ملبوسات پہن کر ماڈلز نے ریمپ پر خوب جلوے بکھیرے۔

فوٹو/ بشکریہ فیشن پاکستان ویک انسٹاگرام—۔

ڈیزائنر نعمان عارفین:

ڈیزائنر نعمان عارفین نے اپنی کلیکشن ’مونوکروم‘ پیش کی جس میں انہوں نے پاکستان کے اُن ہیروز کو نمایاں کیا جو کھیل اور دیگر سرگرمیوں میں کامیابیاں سمیٹ کر ملک کا نام روشن کرتے ہیں۔

فوٹو/ بشکریہ فیشن پاکستان ویک انسٹاگرام—۔

انہوں نے اپنی کلیکشن مونوکروم کے ذریعے حب الوطنی کا پیغام دیا اور بتایا کہ ہم سب ایک ہی رنگ یعنی پاکستان سے جُڑے ہیں۔

فوٹو/ بشکریہ فیشن پاکستان ویک انسٹاگرام—۔

ڈیزائنر عائشہ فاروق:

پاکستان فیشن ویک کا اختتام ڈیزائنر عائشہ فاروق کی کلیکشن ’ریزورٹ 18‘ پر ہوا جس میں انہوں نے نہایت عمدہ طریقے سے سلک کے کپڑے پر شاندار ڈیزائن متعارف کروائے۔  

فوٹو/ بشکریہ فیشن پاکستان ویک انسٹاگرام—۔