پاکستان
Time 15 اپریل ، 2018

مرجاؤں گا لیکن پی ایس پی یا کسی اور جماعت میں نہیں جاؤں گا، فاروق ستار


کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے بی آئی بی گروپ کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا ہے کہ مرجاؤں گا لیکن پی ایس پی یا کسی اور جماعت میں شامل نہیں ہوں گا۔ 

میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ وفاداریاں تبدیل کرانے کا عمل بہت شدت کے ساتھ شروع کیا گیا ہے اور دن رات پی ایس پی کے لوگ فون پر دھمکیاں دیتے ہیں اور بلاوا بھیجتے ہیں۔ 

فاروق ستار نے کہا کہ تاثر دیا جارہا ہے کہ ایم کیو ایم کے اندرونی اختلاف کی وجہ سے لوگ جا رہے ہیں جب کہ شبیر قائم خانی کے جاتے ہی بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کو انتخابی عمل سے باہر اور چھینا جھپٹی کی جارہی ہے، زبردستی سیاست سے دور کر کے یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ پتنگ تو کٹ چکی ہے مستقبل کسی اور کا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں شفاف انتخابات کادعویٰ غلط ہے، مرجائیں گے لیکن پی ایس پی یا کسی اور جماعت میں نہیں جائیں گے۔

فاروق ستار نے چیف جسٹس اور آرمی چیف سے مطالبہ کیا کہ موجودہ صورتحال کا نوٹس لیں اور اس حوالے سے وہ خود دونوں اداروں سے رابطہ بھی کریں گے۔ 

سربراہ ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار نے ایک ویڈیو بیان بھی جاری کیا، جس میں ان کا کہنا تھا کہ اب فیصلے کی گھڑی آگئی ہے اور میں نے اپنی کشتیاں جلادی ہیں، تمام کارکنان آج کے اجلاس میں بھرپور شرکت کریں۔


مزید خبریں :