پاکستان
Time 16 اپریل ، 2018

سارے لٹیرے اکٹھے ہوکر اداروں پر حملہ کررہے ہیں: عمران خان


مردان: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہےکہ ملک کے سارے لٹیرے اکٹھےہوگئے اور اداروں پر حملہ کررہے ہیں۔

مردان میں جلسے سے خطاب میں عمران خان نے مولانا فضل الرحمان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئےکہا کہ فضل الرحمان کے ہوتے ہوئے کسی اور کو سازش کرنے کی ضرورت نہیں، وہ پرویزمشرف، زرداری اور نوازشریف سمیت سب کے ساتھ رہے ہیں، جو بھی اقتدارمیں آتا ہے مولانا فضل الرحمان اس کے ساتھ فٹ ہوجاتے ہیں لیکن وہ میرے ساتھ فٹ نہیں ہوسکتے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے سارے لٹیرے اکٹھے ہوگئے ہیں، یہ لٹیرے اداروں پر حملہ کررہے ہیں، یہ عوام کا پیسا چوری کرکے باہر لے گئے ہیں، یہ لوگ پاناما جےآئی ٹی ممبران کے پیچھے پڑےہوئے ہیں لیکن واجد ضیاء! پوری قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے جج کے گھر پرگولیاں چلائی گئیں، قوم اپنی عدلیہ اور انصاف کے ساتھ کھڑی ہے، پوری قوم خوش ہے کہ ہماری عدلیہ نے طاقتور وزیراعظم کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی کے کچھ لوگوں نے ضمیر بیچا، اب انہیں پارٹی سے نکالیں گے، ضمیر فروشوں کوتحریک انصاف میں نہیں رکھیں گے، ہمارے 14 یا 17 ایم پی ایز نے ضمیر بیچا، انہیں پارٹی سے نکالیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ نوازشریف تین مرتبہ وزیراعظم بنے ہیں اور چار مرتبہ نااہل ہوئے، پھر بھی پوچھتے ہیں مجھے کیوں نکالا۔

 ان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں کے لوگوں کے مسائل کا حل فاٹا اورپختونخوا کا انضمام ہے، اگرفاٹا اور خیبرپختونخوا کا انضمام ہوا تو ہم فاٹا میں ترقیاتی کام کراسکیں گے، فضل الرحمان اور اچکزئی نے پی ٹی آئی کے خوف سے فاٹا اور خیبرپختونخوا کا انضمام نہیں ہونے دیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ہم فاٹا کوخیبرپختونخوا میں ضم کریں گے، ہم اپنے قبائلی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، پی ٹی آئی قبائلیوں کی محرومیاں دور کرے گی، فاٹا کا خیبرپختونخوا سے انضمام ہوا تو ہم فاٹا میں اسکولز بنائیں گے۔

مزید خبریں :