پاکستان
Time 16 اپریل ، 2018

صدر مملکت نے عام انتخابات میں التواء کا امکان مسترد کردیا


اسلام آباد:صدر مملکت ممنون حسین نے الیکشن میں التواء کا امکان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں عام انتخابات بر وقت ہوتے نظر آ رہے ہیں، سیاست دان بچے نہیں ہیں جو انہیں بٹھا کر سمجھایا جائے کہ انہیں کیا کہنا اور کرنا چاہیے۔

اسلام آباد میں پاسپورٹ آفس آمد کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر ادارے کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے،ادارے اپنی حدود میں کام کریں گے تو کسی کو شکایت نہیں ہوگی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جو دولت باہر ہے ضروری نہیں کہ ساری لوٹی ہوئی ہو، بے شمار لوگوں کی اپنی دولت بھی ہے ، منی لانڈرنگ سے بچنے کے لیے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کا اعلان کیا گیا۔ 

صدر ممنون حسین نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ عام شہریوں کی طرح پاسپورٹ آفس جاکر درخواست دی— فوٹو: پی آئی ڈی

اسلام آباد میں صدر ممنون حسین نے خاتون اول کے ہمراہ پاسپورٹ آفس کا دورہ کیا جہاں صدر اور خاتون اول نے پاسپورٹ کے لیے درخواست جمع کرائی۔

صدر مملکت ممنون حسین نےکہا کہ پاکستانیوں کو ایسے ملک نہیں جانا چاہیے جہاں ان کی عزت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاستدان کوئی بچے تو نہیں کہ انہیں سمجھایا جائے، سیاستدان سب سمجھ دار لوگ ہیں، سیاسی جماعتوں کو مل کر ایسے کام کرنے چاہئیں جو ملکی مفاد میں ہو، ایسے عمل میں حصہ نہیں لینا چاہیےجس سے ملکی ترقی میں رکاوٹ ہو۔

ان کا کہنا تھاکہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم صرف پاکستان میں نہیں بہت سے ممالک میں ہے، منی لانڈرنگ الزامات سے بچنے کے لیےٹیکس ایمنسٹی اسکیم دی۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے کسی کو توہین عدالت میں سزادی اور کسی کومناسب سمجھتے ہوئے نہیں دی۔

مزید خبریں :