پاکستان
Time 16 اپریل ، 2018

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے ملاقات

دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات فوجی مشق گلف شیلڈ ون کی اختتامی تقریب کے موقع پر ہوئی — فوٹو: پی آئی ڈی

دمام: وزیراعظم شاہد خاقان کی سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے ملاقات ہوئی جس میں اہم دو طرفہ امور اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات فوجی مشقوں گلف شیلڈ ون کی اختتامی تقریب کے موقع پرہوئی۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سعودی شاہ سے ملاقات میں کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومت کے لیے سعودی عرب انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

ملاقات میں سعودی فرمانروا نے بھی پاکستانی عوام اور حکومت کی تعریف کی۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ وزیر دفاع خرم دستگیر اور آرمی چیف جنرل قمر باجوہ بھی دمام پہنچے تھے — فوٹو: پی آئی ڈی

مشترکہ فوجی مشق گلف شیلڈ ون دمام میں اختتام پذیر ہو گئی جس میں میں 24 ممالک کے فوجی دستوں نے حصہ لیا۔

اختتامی تقریب میں پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر دفاع خرم دستگیر اور سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر حشام بن صدیق بھی موجود تھے۔

سعودی عرب میں مشترکہ مشق گلف شیلڈ ون کی اختتامی تقریب دمام میں ہوئی، مشقوں میں پاکستان، متحدہ عرب امارات، مصر، ترکی، امریکا، برطانیہ سمیت 24ممالک کے فوجی دستوں نے شرکت کی۔

ان مشقوں کا مقصد علاقائی ممالک کے مابین فوجی و سیکیورٹی تعاون اور رابطوں کو فروغ دینا تھا۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر گزشتہ روز دمام پہنچے تھے۔

پاک فوج کے دستے،پاک فضائیہ کے سی۔130 جہاز،جے ایف۔17 تھنڈر لڑاکا طیاروں نے بھی مشق میں حصہ لیا — فوٹو: پی آئی ڈی

پاک فوج کے دستے،پاک فضائیہ کے سی۔130 جہاز،جے ایف۔17 تھنڈر لڑاکا طیارے، پاک بحریہ کے بحری جہاز اسپیشل سروسز گروپ کے کمانڈوز نے ان مشقوں میں حصہ لیا۔

ان مشقوں کو مختلف ممالک کے فوجی دستوں، ہتھیاروں کے نظام اور پیشہ وارانہ مہارتوں کے اعتبار سے خطے کی اہم ترین فوجی مشقیں کہا جارہا ہے۔

مشترکہ گلف شیلڈ۔1 کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل عبداللہ الصبائی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ان مشقوں کے خدو خال میں فوجی آپریشن، حربی فوجی آپریشن جیسی دو اقسام ہیں جس میں دشمن کے خلاف ساحلی دفاعی حملوں کے علاوہ باقاعدہ جنگی حربی تیاریاں یرغمال بنانے والے عناصر سے دیہات اور ساحلی اور صنعتی تنصیبات کو واگزار کرنے کی مشقیں بھی شامل ہیں۔

مزید خبریں :