پاکستان
Time 16 اپریل ، 2018

تحریک انصاف نے نگراں وزیراعظم کے لیے عشرت حسین اور تصدق حسین جیلانی کے نام تجویز کر دیے

عشرف حسین ماہر معاشیات اور تصدق حسین جیلانی سابق چیف جسٹس پاکستان رہ چکے ہیں۔ فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر نعیم الحق نے کہا ہے کہ ان کی جماعت نے نگراں وزیراعظم کے لیے سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی اور سابق گورنر اسٹیٹ بینک عشرت حسین کے نام تجویز کر دیئے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں نعیم الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے بھی ناموں کو حتمی شکل دے دی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے صنعت کار عبدالرزاق داؤد اور شاہد کاردار کے نام تجویز کیے ہیں۔

نعیم الحق کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک شدید معاشی بحران ہے اور ایسے حالات میں کوئی ماہر معاشیات ہی عبوری مدت میں حکومتی نظام چلا سکتا ہے۔

خیال رہے کہ موجودہ حکومت کی مدت 31 مئی کو ختم ہو رہی ہے جس کے بعد عبوری حکومت ملک میں عام انتخابات منعقد کروائے گی۔

ملک میں عام انتخابات ممکنہ طور پر جولائی کے آخر یا اگست کے پہلے ہفتے میں ہوں گے۔

تحریک انصاف کے مطابق شاہ محمود قریشی نگراں وزیر اعظم کے لیے حتمی نام قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کو پیش کریں گے، جو اپوزیشن کے نامزد امیدوار کے ناموں سے وزیراعظم کو آگاہ کریں گے۔

چند روز قبل وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کے درمیان بھی ملاقات ہوئی تھی جس میں نگراں وزیراعظم کے ناموں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :