پاکستان
Time 17 اپریل ، 2018

کمسن گھریلو ملازمہ طیبہ پر تشدد کے مقدمے کا فیصلہ آج سنایا جائے گا

کمسن گھریلو ملازمہ طیبہ پر تشدد کا واقعہ 27 دسمبر 2016 کو پیش آیا تھا— فوٹو: فائل

اسلام آباد : گھریلو ملازمہ طیبہ پر تشدد کے مقدمے کا فیصلہ آج سنایا جائے گا اور یہ فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس عامر فاروق سنائیں گے۔

عدالت نے ملزم خرم علی خان اور ان کی اہلیہ ماہین ظفر کو بھی طلب کررکھا ہے، عدالت نے27 مارچ کو حتمی دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

کمسن گھریلو ملازمہ طیبہ پر تشدد کا واقعہ 27 دسمبر 2016 کو پیش آیا تھا اور پولیس نے 29 دسمبر کو سابق ایڈیشنل سیشن جج راجا خرم کے گھر سے طیبہ کو تحویل میں لیا تھا۔

تشدد کے واقعے میں ملوث دونوں ملزمان کے خلاف تھانہ آئی نائن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جبکہ 3 جنوری 2017 کو طیبہ کے والدین نے راجا خرم اور ان کی اہلیہ کو معاف کردیا تھا تاہم راضی نامہ سامنے آنے پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے معاملے کا از خود نوٹس لیا تھا۔

سپریم کورٹ کے حکم پر پولیس نے 8 جنوری 2017 کو طیبہ کو بازیاب کراکے پیش کیا تھا جبکہ عدالتی حکم پر 12جنوری 2017 کو راجا خرم علی خان کو بطور جج کام سے روک دیا گیا تھا۔

اس کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان نے مقدمے کا ٹرائل اسلام آباد ہائیکورٹ کو بھجوادیا تھا جہاں 16 مئی 2017 کو ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

اس مقدمے میں مجموعی طور پر 19 گواہان کے بیانات قلمبند کیے گئے جن میں 11 سرکاری جبکہ طیبہ کے والدین سمیت 8 غیر سرکاری افرادشامل تھے۔

مزید خبریں :