سلمان خان کو فلم کی شوٹنگ کے لئے بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی

بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان۔ فوٹو:فائل

جودھ پور: کالے ہرن کے شکار کیس میں ضمانت پر رہائی پانے والے بالی وڈ  سپر اسٹار سلمان خان کو عدالت نے فلم کی شوٹنگ کے لئے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان نے جودھ پور کی سیشن عدالت میں  فلم کی شوٹنگ کے سلسلے میں بیرون ملک جانے کی اجازت کے لئے درخواست دائر کی۔ 

اداکار نے درخواست میں استدعا کی کہ انہیں فلم کی شوٹنگ کے لئے مختلف ممالک جانا ہے اس لئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔

عدالت نے سلمان خان کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں 25 مئی سے 10 جون تک بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔

اداکار اپنی نئی آنے والی فلم کی شوٹنگ کے سلسلے میں کینیڈا، نیپال اور امریکا جائیں گے۔ 

یاد رہے کہ جودھ پور کی عدالت نے سلمان خان کو کالے ہرن کے شکار کیس میں 5 سال قید کی سزا سنا رکھی ہے۔

اداکار نے 2 روز جیل میں گزارے جس کے بعد انہیں ضمانت پر رہا کیا گیا تاہم عدالت نے ان کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کردی تھی۔

جودھ پور کی عدالت نے اسی مقدمے میں نامزد دیگر اداکاروں  سیف علی خان، تبو، نیلم اور سونالی باندرے کو مقدمے سے باعزت بری کیا تھا۔ 

ہرن شکار کیس کا پس منظر

اداکار سلمان خان سمیت نامزد دیگر اداکاروں پر الزام تھا کہ انہوں نے 1998 میں راجھستان کے گاؤں بشنوئی میں فلم 'ہم ساتھ ساتھ ہیں' کی شوٹنگ کے دوران 2 نایاب کالے ہرنوں کا شکار کیا تھا۔

مقامی گاؤں کے افراد نے ہرن کے شکار پر سلمان خان اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرایا اور اپیل کی کہ ملزمان کو سخت سزا دی جائے۔

راجسھتان کے گاؤں بشنوئی کے لوگ کالے ہرن کی تعظیم کرتے ہیں اور انڈین وائلڈ لائف ایکٹ کے مطابق کالے ہرن کا شکار غیرقانونی ہے جس کی زیادہ سے زیادہ سزا 6 سال قید ہے۔

سلمان خان اور دیگر اداکاروں کے خلاف تقریباً 20 سال تک کیس زیر سماعت رہا اور 5 اپریل کو جودھ پور کی عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے 52 سالہ سلمان خان کو 5 سال قید کی سزا کا حکم سنایا تھا۔

مزید خبریں :