دنیا
Time 17 اپریل ، 2018

سعودی عرب نے شام میں فوجی دستے بھیجنے کا عندیہ دے دیا

امریکا کی سربراہی میں قائم فوجی اتحاد کے تحت سعودی دستوں کو شام بھیجا جاسکتا ہے، عادل الجبیر— فوٹو: فائل

ریاض: سعودی عرب نے عندیہ دیا ہے کہ وہ شام میں اپنے فوجیوں کو بھیج سکتا ہے۔

برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ امریکا کی سربراہی میں قائم فوجی اتحاد کے تحت سعودی دستوں کو شام بھیجا جاسکتا ہے۔

ریاض میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عادل الجبیر نے کہا کہ ’شام کا بحران جب سے شروع ہوا ہے تب سے ہم فوجی دستوں کو شام بھیجنے کے حوالے سے امریکا سے رابطے میں ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے یہ خیال سابق امریکی صدر براک اوباما کے سامنے بھی پیش کیا تھا۔

خیال رہے کہ امریکا نے شام میں جاری خانہ جنگی کے خاتمے اور وہاں دہشت گرد تنظیم داعش اور النصرۃ فرنٹ کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کو روکنے کے لیے 2014 میں عالمی عسکری اتحاد قائم کیا تھا۔

اس اتحاد میں سعودی عرب، ترکی، قطر، متحدہ عرب امارات اور اردن کے علاوہ متعدد یورپی ممالک بھی شامل ہیں۔

مزید خبریں :