دنیا
Time 18 اپریل ، 2018

امریکی ائیرلائن کے طیارے میں دوران پرواز خرابی، انجن کا پرزہ لگنے سے خاتون ہلاک

طیارہ نیویارک سٹی سے ڈیلاس جا رہا تھا—۔فوٹو/ رائٹرز

فلاڈلفیا: امریکی ائیر لائن ساؤتھ ویسٹ کے ایک طیارے میں دوران پرواز خرابی پیدا ہونے سے انجن کا ٹکڑا کھڑکی توڑ کر طیارے میں جا گرا، جس کے باعث طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی، تاہم انجن کا پرزہ لگنے سے ایک خاتون جاں بحق ہوگئیں۔

جہاز کی وہ کھڑکی، جہاں سے انجن کا ٹکڑا طیارے میں اندر آکر گرا—۔فوٹو/ بشکریہ فوکس 5

واضح رہے کہ طیارہ نیویارک سٹی سے ڈیلاس جا رہا تھا، جس نے فلاڈلفیا ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔

 طیارے میں سوار باقی 148 مسافروں کو بحفاظت اتار لیا گیا۔

دوسری جانب واقعے کے بعد حکام نے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

امریکا کے نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (این ٹی بی ایس) کے چئیرمین روبرٹ سموالٹ کا کہنا ہے کہ انجن کے پنکھے کا ایک پر لا پتہ ہے، جس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات مکمل ہونے میں 12 سے 15 ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے۔

حکام کے مطابق واقعے کے بعد انجن کے پنکھے کا ایک پر لاپتہ ہے—۔فوٹو/رائٹرز

ساؤتھ ویسٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) گیری کیلی کے مطابق ایئرلائن کی 51 سالہ تاریخ میں یہ اس نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔


مزید خبریں :