دنیا
Time 18 اپریل ، 2018

ترک صدر کا ملک میں قبل از وقت انتخابات کرانے کا اعلان

ترک صدر نے نیشنل مومنٹ پارٹی کے سربراہ سے ملاقات کے بعد ملک میں قبل از وقت انتخابات کرانے کا اعلان کیا۔ فوٹو: اے ایف پی

ترک صدر رجب طیب اردوان نے ملک میں قبل از وقت صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک صدر نے نیشنل مومنٹ پارٹی کے سربراہ دولت باہچیلی سے ملاقات کے بعد صدارتی محل سے اپنے خطاب میں مقررہ وقت سے ڈیڑھ برس قبل ہی ملک میں انتخابات کرانے کا اعلان کیا۔

رجب طیب اردوان نے اپنے اعلان میں کہا کہ نیشنل مومنٹ پارٹی کے سربراہ سے ملاقات میں رواں برس 24 جون کو ملک میں انتخابات کرانے پر اتفاق ہوا ہے، جو جو 3 نومبر 2019 کو ہونا تھے۔

ترکی کی نیشنل مومنٹ پارٹی کے سربراہ باہچیلی نے گزشتہ روز حکومت کو انتخابات کے لیے نومبر 2019 تک انتظار نہ کرنے کا مشورہ دے کر ملکی سیاسی مبصرین کو حیران کر دیا تھا۔

باہچیلی نے نیشنل مومنٹ پارٹی کے اراکین اسمبلی کو بتایا کہ ملک میں انتخابات 26 اگست 2018 کو ہوں گے۔

لیکن طیب اردوان نے باہچیلی سے آدھے گھنٹے جاری رہنے والی ملاقات کے بعد اُن کی اعلان کردہ تاریخ سے بھی جلدی ملک میں صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کرانے کا اعلان کیا۔

دولت باہچیلی کو 1997 سے ترکی کی سیاست میں کنگ میکر کی حیثیت حاصل ہے اور ترکی کی جدید تاریخ میں انہوں نے کئی مواقع پر اہم کردار بھی ادا کیا ہے۔

نیشنل مومنٹ پارٹی کی بدولت ہی 2002 میں طیب اردوان کی ڈویلمپنٹ اینڈ جسٹس پارٹی حکومت بنانے میں کامیاب ہوئی تھی اور اس کے بعد سے ابھی تک حکومت میں ہے۔

مزید خبریں :