پاکستان
Time 19 اپریل ، 2018

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی برطانوی ہم منصب کے استقبالیے میں شرکت

برطانوی وزیراعظم تھریسامے استقبالیے میں شرکت کے لیے سینٹ جیمز محل پہنچنے پر پاکستانی وزیراعطم کا استقبال کر رہی ہیں۔ فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنی برطانوی ہم منصب تھریسامے کی جانب سے دیے گئے استقبالیے میں شرکت کی۔

سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے دولت مشترکہ کے دیگر سربراہان حکومت و مملکت کے ہمراہ جمعرات کو برطانوی وزیراعظم تھریسامے کی جانب سے سینٹ جیمز محل میں دیئے جانے والے استقبالیے میں شرکت کی۔

اس موقع پر دولت مشترکہ کی سیکریٹری جنرل پیٹریشیا اسکاٹ لینڈ بھی برطانوی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھیں۔

استقبالیہ تقریب کے بعد تمام رہنما ایگزیکٹو سیشنز کے لیے لنکاسٹر ہاؤس پہنچے جہاں 25ویں دولت مشترکہ سربراہ اجلاس کا موضوع ”ایک ساتھ مشترکہ مستقبل کی جانب“ ہے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اجلاس میں ایگزیکٹو سیشنز اور ریٹریٹس میں بھی شریک ہو رہے ہیں۔

لنکاسٹر ہاؤس میں ہونے والے ایگزیکٹو سیشنز میں دولت مشترکہ ممالک کے بہتر مستقبل پر بات ہو گی۔

وزیراعظم کی اجلاس میں شرکت پاکستان میں دستیاب مواقع اجاگر کرنے میں مدد دے گی اور پاکستان کو ابھرتی ہوئی منڈی کے طور پر دنیا کے سامنے لانے میں مددگار ہو گی۔

بعد ازاں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پرنس آف ویلز شہزادہ چارلس سے کلیرنس ہاؤس لندن میں ملاقات کی۔

شہزادہ چارلس نے وزیراعظم شاہد خاقان سے ملاقات میں دولت مشترکہ کے لیے پاکستان کی گرانقدر خدمات کو بھی سراہا۔ فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم نے برطانیہ کو کامن ویلتھ ہیڈز آف گورنمنٹ میٹنگ 2018 (سی ایچ او جی ایم) کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔

وزیراعظم شاید خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان دولت مشترکہ کا بانی ممبر ہونے کی حیثیت سے دولت مشترکہ کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور آئندہ 2 سال کے لیے دولت مشترکہ کی برطانیہ کو صدارت ملنے پر اس کا خیر مقدم کرتا ہے۔

وزیراعظم نے عالمی سطح پر خیراتی اداروں کے لیے برطانیہ کے شاہی خاندان کی خدمات کو سراہا۔

اس موقع پر شہزادہ چارلس نے پاکستان کی کامن ویلتھ ہیڈز آف گورنمنٹ میٹنگ 2018 میں اعلیٰ سطح پر شرکت پر شکریہ ادا کیا اور دولت مشترکہ کے لیے پاکستان کی گرانقدر خدمات کو بھی سراہا۔

مزید خبریں :