پاکستان
Time 20 اپریل ، 2018

قومی اسمبلی سے استعفیٰ دینے والے 4 ارکان استعفوں کی تصدیق کیلئے نہ آئے

مسلم لیگ (ن) اور پارلیمنٹ سے استعفیٰ دینے والے ارکان نے 9 اپریل کو جنوبی پنجاب صوبہ محاذ بنانے کا اعلان کیا تھا۔ فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب/فائل

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے طلب کرنے کے باوجود مسلم لیگ (ن) اور پارلیمنٹ رکنیت سے استعفیٰ دینے والے 4 اراکین پیش نہ ہوئے۔

مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی خسرو بختیار، باسط بخاری، طاہر بشیر چیمہ اور قاسم نون کو اسپیکر آفس میں آکر استعفوں کی تصدیق کی ہدایت کی گئی تھی۔ 

اسمبلی حکام کے مطابق مستعفی رکن کو اسپیکر یا سیکرٹری قومی اسمبلی کے سامنے استعفے کی تصدیق کرنا لازمی ہے تاہم چاروں ارکان اسپیکر کے طلب کیے جانے کے باوجود پیش نہ ہوئے۔ 

یاد رہے کہ 9 اپریل کو حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے 6 قومی اور 2 ارکان صوبائی اسمبلی نے مستعفی ہوکر پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

استعفیٰ دینے والوں میں خسرو بختیار، طاہر اقبال، رانا محمد قاسم، باسط بخاری، سردار دریشک، چوہدری سمیع اللہ، سلیم اللہ چوہدری اور طاہر بشیر چیمہ شامل تھے۔

مستعفی ارکان نے  جنوبی پنجاب صوبہ محاذ بنانے کا اعلان کرتے ہوئے سابق وزیراعظم بلخ شیریں مزاری کو اس محاذ کا سرپرست بنایا گیا تھا۔

مزید خبریں :