پاکستان
Time 20 اپریل ، 2018

وزیراعظم کی برطانوی ہم منصب سے ملاقات: مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کیا

وزیراعظم نے برطانوی حکومت کی جانب سے پاکستان میں تجارتی وفد مقرر کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے برطانوی ہم منصب تھریسامے سے ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیر میں عوام کے ساتھ ہونے والی ظلم و زیادتی کی صورت حال سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور برطانوی وزیراعظم تھریسامے کے درمیان ملاقات کامن ویلتھ رہنماؤں کی ریٹریٹ کی سائیڈ لائن کے موقع پر ہوئی۔

پاکستانی وزیراعظم نے ملاقات کے دوران زور دیا کہ بین الاقوامی کمیونٹی مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورت حال پر ردعمل کا اظہار کرے۔

اس کے علاوہ دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کامن ویلتھ حکومتی سربراہان کی نمائندگی ملنے پر برطانیہ کو مبارکباد بھی دی۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنی برطانوی ہم منصب کو دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا۔

انہوں نے برطانیہ سے دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبے میں تعلقات مضبوط کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور پاکستان میں ترقیاتی کام پر برطانوی ایجنسی کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے برطانوی حکومت کی جانب سے پاکستان میں تجارتی وفد مقرر کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

اس کے علاوہ وزیراعظم پاکستان نے برطانوی وزیراعظم کو اپنے دورہ افغانستان کے حوالے سے بتایا اور افغانستان میں امن و استحکام کے حوالے سے پاکستان کی خواہش سے بھی آگاہ کیا۔

برطانوی وزیراعطم تھریسامے نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور ان کی افغانستان جانے کی کوشش کو سراہا۔

تھریسامے نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات مضبوط ہیں اور انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان کا بڑا واضح مؤقف ہے کہ شہریوں پر کیمیائی ہتھیاروں سے حملہ اقوام متحدہ کے قوانین کی خلاف ورزی اور قابل مذمت ہے۔

مزید خبریں :