پاکستان
Time 21 اپریل ، 2018

سپریم کورٹ نے پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو معطل کردیا

پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر کو معطل کردیا گیا—۔فائل فوٹو

لاہور: سپریم کورٹ نے پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر  پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر کو معطل کرکے سینئر ترین پروفیسر کو عبوری وائس چانسلر تعینات کرنے کا حکم دے دیا۔

جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے لاہور رجسٹری میں مذکورہ کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ 'اڑھائی برسوں سے مستقل وائس چانسلر تعینات کیوں نہیں کیا گیا، آگاہ کیا جائے کہ تاخیر کا ذمہ دار کون ہے؟'

جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ 'ثابت ہوگیا کہ حکومت جائز و ناجائز مطالبات منوانے کے لیے مستقل وائس چانسلر تعینات نہیں کرتی'۔

عدالت عظمیٰ نے پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو عہدے سے ہٹا کر سینیئر ترین پروفیسر کو عبوری وائس چانسلر بنانے کا حکم دے دیا۔

ایڈووکیٹ خالد رانجھا نے عدالت سے استدعا کی کہ وائس چانسلر کی معطلی کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔

دوسری جانب وائس چانسلر  پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر نے کہا کہ 'میں استعفیٰ دیتا ہوں اور ابھی عدالت میں پیش کرتا ہوں'۔

جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ 'پہلے آپ استعفیٰ دیں، پھر جائزہ لیں گے'۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ 'عدالت کے علم میں ہے کہ اورنج لائن منصوبے کے لیے اراضی فراہم کی گئی، لیکن سنڈیکیٹ نے یونیورسٹی کی 80 کنال اراضی حکومت کو کس حیثیت میں دی؟'

ساتھ ہی سپریم کورٹ نے زمین فراہم کرنے والے سنڈیکیٹ ممبران کو بھی طلب کرلیا۔


مزید خبریں :