پاکستان
Time 22 اپریل ، 2018

بلاول ہاؤس اور بنی گالا ہم نوالہ و ہم پیالہ ہیں،ان کے دھوکے میں نہ آئیں،شہباز شریف

کراچی: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بلاول ہاؤس اور بنی گالا ہم نوالہ و ہم پیالہ ہیں، لوگ ان کے دھوکے میں نہ آئیں۔

ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے دورہ کراچی کے موقع پر لیاری میں خطاب کیا جس میں انہوں نے سیاسی مخالفین پر خوب تنقید کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ  اگلے انتخابات میں موقع ملا تو کراچی کو نیو یارک بنا دیں گے ، ایک میٹرو نہیں کئی میٹرو لائيں گے، اورنج ،یلو، بلیو لائن سب لائيں گے۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ وہ پشاور جاتے ہیں تو تحریک انصاف اور سندھ جاتے ہیں تو پیپلز پارٹی ناراض ہوجاتی ہے، آئينہ ان کو دکھایا تو برا مان گئے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی یہی حالت رہی تو پاکستان کی حالت نہیں بدلے گی۔

کراچی بجلی بحران کی ذمہ دار کے الیکٹرک ہے، شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر  اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کراچی میں بجلی بحران کا ذمہ دار کے الیکٹرک کو قرار دے دیا۔

شہباز شریف 2 روزہ دورے پر کراچی میں موجود ہیں جہاں انہوں نے مختلف سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ 

لیاری میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف نے عزم کیا تھا کہ کراچی میں امن لاؤں گا اور امن لوٹ آیا، رینجرز کو ذمے داری دی گئی اور انہوں نے محنت سے کام کیا۔

شہباز شریف کی ایم کیو ایم بہادر آباد کے رہنماؤں سے ملاقات 

قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (بہادر آباد) کے رہنماؤں سے ملاقات کی جس میں ملکی و صوبائی سیاسی صورتحال اور شہر کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ کراچی کے بجلی بحران میں سب سے زیادہ قصور کے الیکٹرک کا ہے کیوں کہ 2 پلانٹ طویل عرصے سے بند رکھے ہوئے ہیں۔

شہباز شریف اور خالد مقبول صدیقی کی ملاقات عارضی مرکز بہادر آبادمیں ہوئی — فوٹو: پنجاب گورنمنٹ آفیشل فیس بک پیج

انہوں نے کہا کہ 2011 میں سی سی آئی میں فیصلہ ہوا تھا کہ کے الیکٹرک دو پلانٹ چلائے گی جس سے شہر کو 500 میگا واٹ بجلی ملے گی لیکن کے الیکٹرک واپڈا سے سستی بجلی لیتی رہی تاکہ خود بجلی نہ بنانا پڑے۔

ان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کو پلانٹس چلانے کا پابند بنانا ہے جب کہ کل وزیراعظم خود یہاں آئیں گے، رمضان المبارک میں شہر کو بلا تاخیر بجلی ملنی چاہیے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کراچی گیٹ وے آف پاکستان ہے، عروس البلاد شہر پر کھربوں روپے لگے وہ کہاں گئے؟ 

انہوں نے کہا کہ 2013 میں نوازشریف نے فیصلہ کیا کہ کراچی کی روشنیاں بحال کی جائیں، رینجرز نے آزادی سے آپریشن کیا جس سے آج کراچی کا امن واپس لوٹ آیا ہے اور 80 فیصد بھتا خوری ختم ہوگئی ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان (بہادر آباد) کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف سے ملاقات صرف فوٹو سیشن نہیں تھا بلکہ ہم نے شہر کے مسائل سے انہیں آگاہ کیا اور اپنے دکھ بیان کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے شہری علاقوں کے ساتھ جو کیا ہے سب کے سامنے ہے جب کہ ہم نے ملاقات میں یہ بھی بتایا کہ اس شہر کو عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا جاتا ہے لیکن ڈھائی سے 3 کروڑ آبادی والے شہر کی آبادی کو دانستہ طور پر مردم شماری میں کم دکھایا گیا ہے۔ 

اس سے قبل شہباز شریف ایم کیو ایم (بہادر آباد) کے رہنماؤں سے ملاقات کے لیے بہادر آباد پہنچے تو کارکنوں کی جانب سے پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں  اور خالد مقبول صدیقی اور دیگر رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔

مزید خبریں :