پاکستان
Time 23 اپریل ، 2018

’شریف خاندان کے خلاف مقدمات تیزی سے سزا کی جانب جارہے ہیں‘

نوازشریف قانون کےاحترام میں نہیں بلکہ لندن کی جائیداد بچانے کیلئے عدالت میں جارہے ہیں، فواد چوہدری — فوٹو: فائل

لندن: پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نواز شریف اس لیے پاکستان جارہے ہیں کیوں کہ انہیں معلوم ہے کہ برطانیہ میں منی لانڈرنگ کے نئے قوانین لاگو ہیں، وہ جانتے ہیں کہ اگر ان کے خلاف فیصلہ آگیا تو لندن میں ان کی جائیداد ضبط ہوجائے گی۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری نے کہا کہ نوازشریف کے بیٹے اور سمدھی کیوں پاکستان نہیں جارہے، پاکستان میں جو کیس چل رہا ہے وہ جائدادیں تو نوازشریف کے بچوں ہی کے نام ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ نوازشریف قانون کےاحترام میں نہیں بلکہ لندن کی جائیداد بچانے کیلئے عدالت میں جارہے ہیں، شریف خاندان کے خلاف مقدمات بہت تیزی سے سزا کی جانب جارہے ہیں، یہ سمجھ نہیں آرہا کہ اسحاق ڈار کے مقدمے میں سزا کا اعلان کیوں نہیں ہورہا حالانکہ وہ تو کھلا کیس ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حسن اور حسین نواز تو اشتہاری ہیں، نیب قانون میں تو ان کی 3 سال قید بنتی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اڈیالہ جیل لندن کے مہمانوں کے لیے تیار ہورہی ہے، چیف جسٹس کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں کہ جوڈیشل مارشل لاء کا کوئی امکان نہیں، چیف جسٹس کا بیان اس بات کی یقین دہانی ہے کہ ملک کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے، تمام ادارے پاکستان میں جمہوریت کی بقاء پر یقین رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کہتی ہے کہ الیکشن جلد کرائے جائیں، پاکستان میں موجودہ سیاسی بحران کی وجہ یہی ہے کہ الیکشن نہیں کرائے گئے، جب سیاسی خلاء آتا ہے تو اسے پرُ کرنے کے لیے الیکشن کرانا ہوتے ہیں۔

قبل ازیں تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے اپنے بیان میں جماعت اسلامی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی سیاست بھی عجیب ہے، پاناماکیس میں نوازشریف کے خلاف سپریم کورٹ گئی اور سینیٹ میں نوازشریف کی حلیف بن گئی، سراج الحق الزام بھی لگاتے ہیں اور تحریک انصاف کی حکومت سے چمٹے ہوئے بھی ہیں۔

مزید خبریں :