پاکستان
Time 23 اپریل ، 2018

فاروق ستار بہادرآباد رابطہ کمیٹی تحلیل کرنے کے مطالبے سے دستبردار

فوٹو:فائل

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے پی بی آئی گروپ کے سربراہ فاروق ستار بہادر آباد رابطہ کمیٹی تحلیل کرنے کے مطالبے سے دستبردار ہوگئے۔ 

فاروق ستار کا کہنا ہے کہ وہ بہادر آباد رابطہ کمیٹی تسلیم کرنے کو تیار ہیں لیکن ان کے یا عامر خان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔ 

فاروق ستار نے الزام عائد کیا کہ عامر خان جرائم میں ملوث افراد کو ٹاؤن اور یوسیز میں لگا رہے ہیں، ایسی ایم کیو ایم میں کام نہیں کر سکتا جس میں بدنام زمانہ لوگ ہوں۔ 

ایم کیو ایم پی آئی بی گروپ کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ نوکری کرنا خالد مقبول صدیقی کو منظور ہے تو کریں لیکن وہ ایسی نوکری نہیں کرسکتے۔

ایم کیو ایم میں دھڑے بندی

یاد رہے کہ بانی ایم کیو ایم کی پاکستان مخالف تقریر کے بعد 23 اگست 2016 کو فاروق ستار نے پارٹی کے بانی سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کی بنیاد رکھی تھی۔

سینیٹ انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم اور اس وقت پارٹی کے ڈپٹی کنوینئر کامران ٹیسوری کے معاملے پر ایم کیو ایم پاکستان دو دھڑوں میں تقسیم ہو گئی تھی۔

ایم کیو ایم بہادر آباد گروپ کی قیادت خالد مقبول صدیقی، فیصل سبزواری اور کنور نوید جمیل کر رہے ہیں جبکہ ایم کیو ایم پی آئی بی گروپ کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار ہیں۔

ایم کیو ایم پاکستان میں  اب تک قیادت کا فقدان ہے پارٹی کے اراکین پیپلز پارٹی اور پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔

مزید خبریں :