پاکستان
Time 23 اپریل ، 2018

پارلیمنٹ حملہ کیس: پرویز خٹک عدالت میں پیش، عبوری ضمانت کی توثیق

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوئے: فوٹو/ فائل

اسلام آباد: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس میں پرویز خٹک کی عبوری ضمانت کی توثیق کردی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت پہنچے جہاں وہ جج جوثر عباسی زیدی کی عدالت پیش ہوئے۔

عدالت نے پرویز خٹک کی آج تک کے لیے عبوری ضمانت منظور کررکھی تھی جس کی توثیق کردی ہے۔

یاد رہےکہ پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سمیت دیگر رہنما بھی ضمانتوں پر ہیں۔

پرویز خٹک کی میڈیا سے گفتگو

ضمانت میں توثیق کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے میڈیا سے مختصر بات چیت کی۔

پرویز خٹک نےکہا کہ بعض ارکان کے بک جانے پر بہت افسوس ہوا لیکن ہم نے اپنے ارکان اسمبلی کے خلاف ایکشن لیا، دوسری پارٹیوں میں ہمت ہے تو وہ بھی ایکشن لیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی پارٹی میں ایسانہیں ہوسکتا کہ غلطی پر سزا نہ ملے، مجبوراً ایسا فیصلہ کرنا پڑا،کسی سے انتقامی کارروائی نہیں کی، (ن) لیگ کے جن لوگوں نے باہر ووٹ دیاان کے خلاف میاں صاحب کارروائی کریں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ میں نے فیصلہ کیا تھا بلوچستان کو سپورٹ کرناہے، فاٹا والے ساتھ کھڑے ہوتے تو آج ڈپٹی چئرمین سینیٹ ان کا ہوتا۔

مزید خبریں :